دھابیجی ،صاف پانی کی قلت ،شہری بوند بوند کو ترس گئے

127

دھابیجی(نمائندہ جسارت)پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ کی نااہلی کے باعث یوسی دھابیجی میں گزشتہ کئی عرصہ سے جاری پینے کے پانی کی قلت کیخلاف شہریوں کی جانب سے بدھ کے روز غریب آباد مارکیٹ بس اسٹاپ پر قومی شاہراہ سے منسلک کیمپ لگا کر علامتی بھوک ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر مزدور رہنما غلام مصطفی ساریو،حافظ سعید الرحمن، حافظ غلام حسین پنھور، داؤد شاہ خان، نصیر سلہری اورفہیم انصاری ودیگر کا کہنا تھا کہ پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ کے ایکسیئن کی نااہلی کے باعث غریب آباد مارکیٹ،نئی آبادی، راجپوت محلہ، بلال نگر، شیخ مجید کالونی، ماڈل ٹاؤن، یعقوب آباد سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ کئی عرصہ سے پینے کے پانی کا بحران جاری ہے۔ شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں اور مجبوراً زیر زمین بورنگ کے پانی سمیت گدھا گاڑیوں اور ٹینکروں سے مہنگے داموں پینے کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں سے تعینات پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ کے نااہل ایکسیئن نے شہریوں کے پینے کے پانی کی مین لائن سے زرعی زمینوں، فارم ہاؤس، بلاک کے تھلوں سمیت مقامی فیکٹریوں کو سیکڑوں غیرقانونی کنکشن دے رکھے ہیں جن سے پبلک ہیلتھ آفیسر مبینہ طور پر ماہانہ بھاری بھتا وصول کرتے ہیں۔ جبکہ ہر ہفتے موٹروں کی خرابی کے نام پر مرمتی کام کی آڑ میں پبلک ہیلتھ انتظامیہ سرکاری خزانے کو ماہانہ لاکھوں روپے کا چونا بھی لگا رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں جاری پانی کے بحران پر ضلعی انتظامیہ سمیت منتخب نمائندوں کو کئی بار شکایت کے باوجود اس اہم عوامی مسئلے کو حل نہیں کیا جارہا ہے۔ جس کے باعث ہم بھوک ہڑتالی کیمپ میںبیٹھے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ کی موجودہ نااہل انتظامیہ کو ہٹا کر ان کی جگہ ایماندار آفیسر تعینات نہیں کیے جاتے اور عوام کو پینے کا پانی نہیں فراہم کیا جاتا تب تک ہماری یہ بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مطالبات جلد پورے نہ کیے جانے کی صورت میں 27فروری کو پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کے سلسلے میں بلاول زرداری کا قافلہ دھابیجی پہنچنے پر اہل دھابیجی کی جانب سے قومی شاہراہ پر سخت احتجاج بھی کیا جائے گا۔