لاڑکانہ ،گندم کی فصل پر کیڑوں کا حملہ ،فصل سوکھنے لگی

62

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) گندم کی فصل پر کیڑوں کا حملہ، کیڑوں کے حملے سے گندم کی تیار شدہ فصل سوکھنے لگ گئی، کاشتکار سخت پریشان ہیں جبکہ اس سنگین صورتحال سے محکمہ زراعت بے خبر ہے، فصل کو لگنے والی بیماری کے اسباب میں پانی اور کھاد کے وقت پر نہ ملنے سمیت نقلی بیج اور زرعی ادویات بتایا جاتا ہے، گندم کی فصل اس وقت تیار ہونے کے مرحلے میں ہے جب اچانک کیڑے مکوڑوں کا حملہ ہو گیا ہے، اس حوالے سے کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ کیڑا گندم کی فصل کے سٹے میں لگ رہا ہے جس کی وجہ سے فصل سوکھ رہی ہے، بروقت اقدامات نہ کیے جانے پر بڑے بحران کا اندیشہ ہے، سندھ حکومت کی جانب سے فصل کے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے مقرر کردہ ذمے دار محکمہ زراعت کے افسران سارے معاملے سے بے خبر ہیں، کاشتکاروں نے محکمہ زراعت کے افسران سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایک بڑے رقبے پر کاشت کی گئی گندم کی فصل کی ڈنڈی کو لگنے والی بیماری کا خاتمہ کرنے کے اقدامات کر کے بڑے نقصان کو روکا جائے۔واضح رہے کہ لاڑکانہ اور قنبر شہدادکوٹ میں گزشتہ برس ڈھائی لاکھ ایکڑ پر گندم کی فصل کاشت ہوئی اس بار کھاد کی قلت اور کسان کے پاس پیسے نہ ہونے کی وجہ سے زرعی ادویات نہ مطلوبہ مقدار میں نہ خرید پانے سے 1 لاکھ 60 ہزار ایکڑ پر فصل کاشت ہوئی جس سے پیداوار میں کمی ہوگی۔