حجاب تنازع میں شدت کے ساتھ بھارتی مسلم اداکارائوں کا حجاب کرنے کا عزم بڑھنے لگا

624

حجاب کے معاملے پر جہاں نام نہاد سیکولر بھارت میں ہندو شدت پسندی کھل کر سامنے آرہی ہے وہیں بھارتی اداکارائوں کی طرف سے اسلام کی طرف پلٹنے اور حجاب و اسلامی شعائر ی کی پابندی کا عزم بھی سامنے آرہا ہے .

بھارت سے آنے والی ایک خبر کے مطابق رئیلیٹی شو بگ باس کی سابق شریک ٹی وی اداکارہ ماہ جبین صدیقی نے اسلام کے لیے شوبز چھوڑتے ہوئے ہمیشہ حجاب پہننے کا فیصلہ کیا ہے.انہوں نے بتایا کہ انہوں نے یہ فیصلہ سکون کی تلاش میں کیا اور اس سلسلے میں اداکارہ ثناخان کا شوبز چھوڑ کر اسلام کی طرف پلٹا انہیں متاثر کرتا تھا. قبل ازیں فلم دنگل سے مشہور ہونے والی بالی وڈ کی سابق اداکارہ زائرہ وسیم نے حجاب تنازع پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تحریری پیغام جاری کیا اور کہا کہ اسلام میں حجاب پہنا یا نہ پہننا اپنے ذاتی انتخاب پر مبنی نہیں ہے بلکہ یہ ایک فرض ہے، جب ایک عورت حجاب کرتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے رب کے احکامات بجا لارہی ہے اور اس نے خود کو اللہ کے سپرد کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بگ باس 11 کا حصہ بننے والی ماہ جبین صدیقی نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے خدا کے بتائے ہوئے سیدھے اور سچے راستے پر چلنے کے لیے شوبز کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ماہ جبین نے اپنے پیغام میں لکھا ’’میں یہ اس لیے لکھ رہی ہوں کہ میں 2 سال سے بہت پریشان تھی مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ ایسا کیا کروں جس سے مجھے سکون ملے۔ انسان جب گناہ کرتا ہےتو اس گناہ کی لذت تو تھوڑی دیر میں ختم ہوجاتی ہے لیکن اس کا گناہ قیامت تک رہتا ہے۔

میں نے محسوس کیا کہ میں اپنی اصل زندگی کو بھول کر دنیا کی دکھاوے والی زندگی جی رہی تھی۔ اللہ کی نافرمانی کرکے انسان کو کبھی سکون نہیں مل سکتا۔ آپ چاہے لوگوں کو خوش کرنے کے لیے کتنا بھی اچھا کرلو اور چاہے کتنا بھی وقت دے دو لوگ آپ کی کبھی قدر نہیں کریں گے۔

اس سے بہتر ہے کہ آپ اپنا وقت اللہ کو خوش (راضی) کرنے میں لگائیں۔ جس سے میری اور آپ کی آخرت بہتر ہوجائے۔ میں ثنا خان بہن کو ایک سال سے فالو کررہی تھی مجھے ان کی باتیں بہت اچھی لگتی تھیں انہیں دیکھ کر میرے اندر بیان سننے کا شوق جاگا۔

ماہ جبین نے مزید لکھا مجھے اللہ سے توبہ کرکے جو سکون ملا وہ میں لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی۔ جو سکون میں ڈھونڈھ رہی تھی وہ مجھے نماز یعنی اللہ کی عبادت کرکے ملا۔ اب سے میں نے یہ نیت کرلی ہے کہ میں ہمیشہ حجاب میں رہوں گی ان شااللہ۔ اللہ میرے گناہوں کو معاف فرمائے اور مجھے نیک راستے پر چلنے کی توفیق فرمائے۔‘‘

ماہ جبین نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے سابق اداکارہ اور بگ باس کے گھر کا حصہ رہنے والی ثنا خان سے متاثر ہوکر یہ فیصلہ کیا ہے.

واضح رہے کہ ماہ جبین سے قبل ثنا خان اور زائرہ وسیم بھی اسلام کی خاطر شوبز کو خیرباد کہہ چکی ہیں۔

قبل ازیں بالی وڈ کی سابق اداکارہ زائرہ وسیم نے حال ہی میں بھارت میں ہونے والے حجاب تنازع پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

زائرہ وسیم نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تحریری پیغام جاری کیا اور کہا کہ اسلام میں حجاب پہنا یا نہ پہننا اپنے ذاتی انتخاب پر مبنی نہیں ہے بلکہ یہ ایک فرض ہے، جب ایک عورت حجاب کرتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے رب کے احکامات بجا لارہی ہے اور اس نے خود کو اللہ کے سپرد کیا ہے۔

سابقہ اداکارہ نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں بحیثیت ایک عورت کے جو شکرگزاری اور عاجزی کے ساتھ حجاب پہنتی ہوں، اس پورے نظام کی مخالفت کرتی ہوں جہاں خواتین کو صرف ایک مذہبی وابستگی کی وجہ سے حجاب کی وجہ سے ہراساں اور اسے پہننے سے روکا جا رہا ہے۔

زائرہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ مسلم خواتین کے خلاف تعصب کو فروغ دینا اور ایسا نظام قائم کرنا جہاں انہیں تعلیم اور حجاب میں سے ایک کو منتخب کرنا اور دوسرے سے دستبردار ہونا ہو، سراسر ناانصافی ہے۔

انہوں نے ہندو انتہا پسندوں کے لیے کہا کہ آپ مسلم خواتین کو ایک بہت ہی محدود انتخاب کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو کہ آپ کے ایجنڈے کو فروغ دیتا ہے اور جب وہ آپ کے بنائے گئے اصولوں کی پابند ہو جاتی ہیں تو آپ ان ہی پر تنقید کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ سابقہ اداکارہ زائرہ وسیم نے 2015 میں سپر ہٹ فلم دنگل سے کیرئیر کا آغاز کیا تھا لیکن بعدازاں انہوں نے 2019 میں مذہب کی خاطر فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا۔