بھارت ،احمد آباد بم دھماکے ،38 مسلمانوں کو سزائے موت ،سانحہ سمجھوتا ایکسپریس کے متاثرین انصاف کے منتظر

513

احمدآباد/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+ نمائندہ جسارت(بھارتی ریاست گجرات کے شہراحمد آباد میں ہونے والے بم دھماکوں کے الزام میں 38 مسلمانوں کوسزائے موت اور 11 کو عمر قید سنا دی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کی خصوصی عدالت نے 26 جولائی2008ء کو احمد آباد میں ہونے والے بم دھماکوں کے کیس کا جمعہ کو فیصلہ سنایا۔ ان دھماکوں میں 56 افراد ہلاک اور 200 کے قریب زخمی ہوئے تھے جب کہ عدالت نے گزشتہ برس کیس میں 77 ملزمان کے خلاف ٹرائل مکمل کیا تھاجن میں سے49 افراد پر فرد جرم عائد کی تھی اور28 کو بری کردیا تھا۔بھارتی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے نامزد 49 ملزمان میں سے 38 کو سزائے موت اور 11 کو عمر قید دی۔کیس کی سماعت کے دوران تمام ملزمان کی عدالت میں ورچوئل پیشی ہوئی جب کہ گجرات ہائیکورٹ نے خصوصی عدالت کے اس فیصلے کی توثیق کی ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ کیس میں نامزد ملزمان ایک کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ تنظیم دھماکوں میں ملوث تھی۔ادھرسانحہ سمجھوتا ایکسپریس کے15 سال مکمل ہونے پرپاکستانی دفتر خارجہ میں بھارتی ناظم الامور کوطلب کیا گیا۔یاد رہے کہ سمجھوتا ایکسپریس میں2007 ء میں دہشت گردی کے واقعے میں 44 پاکستانی مسافرجاں بحق ہوئے تھے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخارنے بیان میں کہا کہ بھارت اس گھناؤنے سانحہ کے ملزمان کو کٹہرے میں لانے اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہا، سانحے کے ذمے داروں کے اعترافِ جرم کے باوجود ان کی رہائی یہ ظاہر کرتی ہے کہ بی جے پی کی قیادت میں بھارت کی حکومت دہشت گردوں کی کھلی حامی اور ان کو تحفظ فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی ناظم الامورکو طلب کرکے سانحے کے متاثرین کوانصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ 15 سال گزرنے کے باوجود سانحہ سمجھوتا ایکسپریس کے متاثرین کوانصاف نہ ملنے اوربھارتی حکومت کی بے حسی پرپاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت سمجھوتا ایکسپریس پر دہشت گردانہ حملے کے ذمے داروں اوراس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔پاکستان نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی ہتھیار استعمال کرنا بند کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف بھی پاکستان نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔