مشیر قومی سلامتی معید یوسف کی افغان قیادت سے نتیجہ خیز ملاقات

495

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کی افغان وزیر خارجہ عامر خان متقی سے نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے۔ افغانستان میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کابل پہنچنے پر پاکستانی وفد کا استقبال افغانستان کے قائم مقام وزیر تجارت و صنعت نور الدین عزیزی نے کیا جبکہ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بھی موجود تھے۔پاکستانی سفیر کے مطابق دورے کے سلسلے میں معید یوسف کی افغان وزیر خارجہ عامر خان متقی سے نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔ معید یوسف نے افغان نائب وزیراعظم عبدالسلام حنفی سے بھی افغان صدارتی محل میں ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور رابطوں میں توسیع پر گفتگو کی جبکہ تجارت، ٹرانزٹ اور علاقائی منصوبوں پر عمل در آمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر نائب افغان وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان اور افغانستان پڑوسی اور برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے تاریخی مذہبی اور برادرانہ کئی مشترکات ہیں اور امید ہے یہ تعلق ہمیشہ کیلییایسے ہی قائم رہے گا۔انہوں نے افغان مہاجرین کی میزبانی اور تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت خطے کے ہر ملک کے ساتھ دو طرفہ احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں جس سے تجارت اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں توسیع ہو۔افغان نائب وزیر اعظم نے بڑے علاقائی منصوبوں ٹاپی، ٹاپ، کاسازر اور آہنی پٹڑی کے منصوبوں کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امارت اسلامیہ کی پالیسی واضح ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے اور سب سے یہی توقع رکھیں گے۔افغان نائب وزیر اعظم نے پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ترغیب دی کہ افغانستان میں توانائی،کان کنی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔اس موقع پر معاون خصوصی برائے قومی سلامتی امور معید یوسف نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان افغان عوام کے ساتھ ہے اورہر شعبے میں اپنا تعاون جاری رکھے گا، اقتصادی رابطوں میں گہرائی کے بغیر خطے میں امن واستحکام نہیں آئے گا، ہمارے لیے تجارتی اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں توسیع اہم ہے۔معید یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی منصوبوں پر عمل در آمد کیلیے تیار ہے۔ملاقات میں طورخم اور چمن بارڈر پر افغان مسافروں، مریضوں اور تاجروںکیلیے سفری اور ٹرانزٹ کی سہولیات مہیا کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔