سولر ایسوسی ایشن، ڈیوٹی کیخلاف احتجاج اور کاروبار بند کرنے کی دھمکی

220

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سولر ایسوسی ایشن اور کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے سولر مصنوعات اور موبائل فون پر سیلزٹیکس اورڈیوٹی کے نفاذ کے خلاف احتجاج کرنے اور کاروبار بند کرنے کی دھمکی دے دی ۔ منگل کو کراچی پریس کلب میں کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمدرضوان،چیئرمین سلیم میمن، پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نویدکرار،محمدذاکرعلی اور دیگر عہدیداران نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ سولر پر ٹیکس عائد کردیا گیاہے جس کے باعث شمسی توانائی کے شعبے کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے، ملک میں زرعی شعبے اور دیہاتوں میں سولر سسٹم کے ذریعہ بجلی کے حصول میں اضافہ ہوا ہے لیکن حکومت نے حالیہ منی بجٹ میں سولر انرجی اورموبائل فونزپر سیلزٹیکس اور ڈیوٹی کا نفاذ کردیا ہے جس کا براہ راست اثر نہ صرف لاکھوں افراد کے روزگار پر پڑے گا بلکہ جولوگ سستی بجلی حاصل کررہے تھے انہیں بجلی سے محروم کردیا گیا ہے۔ محمدرضوان نے کہا کہ حکومت راتوں رات فیصلے کرکے ان پر فوری عملدرآمد کردیتی ہے،آئی فون کی ڈیوٹی 37ہزار روپے سے بڑھا کر80ہزار روپے کردی گئی ہے،حکومت مشاورت سے پالیسی بنائے تاکہ وہ چل سکے،لیپ ٹاپ پر8فیصد سیلز ٹیکس لگادیا اور5فیصد آرڈی برقرار ہے،ویلیوایشن400فیصد بڑھادی گئی ہے،بڑھنے والے بچوں کو مشکل میں ڈال دیا گیا اورپاکستان کو ترقی کی جانب لے جانے کے بجائے پیچھے کی جانب دھکیلا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں5Gکا استعمال ہورہا ہے اور ہم اتنے بدقسمت ہیں کہ پاکستان میں ابھی تک3Gکا استعمال ہورہا ہے۔