مزدور برادری دیانتدارلوگوں کو اقتدار میں لائیں ، شمس سواتی

150

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمان سواتی نے پشاور کا ایک روزہ دورہ کیا۔ المرکز اسلامی جی ٹی روڈ پشاور میں نیشنل لیبر فیڈریشن کے ساتھ ملحقہ یونین پیسکو ہائیڈرو ورکرز یونین خیبر پختونخوا کے صدر گوہر تاج نے مرکزی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری فلک تاج اور پیسکو میں یونین سازی کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے کنوینر صاحب شاہ مجبور بھی موجود تھے۔ مرکزی صدر نے اس موقع پر کہا کہ پیسکو میں آنے والے ریفرنڈم کے لیے ابھی سے بھر پور تیاریوں کا آغاز کریں۔ نیشنل لیبر فیڈریشن ہر فورم پر آپ کا بھر پور ساتھ دے گی۔ شمس الرحمان سواتی نے گوہر تاج کے ساتھ تفصیل سے بات چیت کی۔ گوہر تاج نے کہا کہ ہمارا کیس عدالت میں ہے ہم اس کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ جیسا فیصلہ آتا ہے ہم اپنی صوبائی کا بینہ کا اعلان کریں گے۔ مرکزی صدر نے فلک تاج اور صاحب شاہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پرانے ساتھیوں کے ساتھ ملاقاتیں کر کے ان کو اس عمل میں شامل کریں تاکہ پیسکو ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ایک اچھی ٹیم تیار کی جا سکے۔
ملاقات امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور
بعدا زاں مرکزی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان نے ضلع پشاور کے امیر جماعت اسلامی عتیق الرحمن کے ساتھ دفتر جماعت اسلامی نشتر آباد پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ضلعی امیر نے مرکزی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ مرکزی صدر نے امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور کا شکریہ ادا کیا۔
نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا مزدوروں کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے۔ ملک کی 33فیصد آبادی مزدور محنت کشوں پر مشتمل ہے۔ جو کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ انصاف کی حکومت انصاف کے تقاضے پوری کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ ملک میں مہنگائی روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہے۔ دہاڑی دار مزدور موجودہ مہنگائی کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ حکومت ان کے لیے مراعات کا اعلان کرے۔
مرکزی صدر نے جے آئی لیبر ضلع پشاور کے نو منتخب کابینہ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی 33فیصد آبادی مزدور محنت کشوں پر مشتمل ہے۔ جس میں تقریباً 6کروڑ ملازمین اور دہاڑی دار مزدور شامل ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن انشاء اللہ ان کو منظم کرے گی۔ ہم ان کے حقوق ان کو دلوا کر رہیں گے۔ حکومت پاکستان نے جو لیبر قوانین مرتب کیے ہیں ان پر من و عن لاگو کیے جائیں۔ حکومت نے سماجی بہبود / سوشل پروٹیکشن کے قوانین مرتب کیے ہیں جس میں سوشل سیکورٹی، ای او بی آئی، اولڈ ایج بینیفٹ، ورکرز ویلفیئر فنڈ میں حصہ ،جس میں مزدور محنت کشوں کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے وضائف، بچیوں کی شادیوں کے لیے گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ، ان سب سہولیات میں ان مزدور محنت کشوں کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام سہولیات اس محروم طبقے کو دلوانا نیشنل لیبر فیڈریشن کا مشن ہے۔ نیشنل لیبرفیڈریشن کا مطالبہ ہے کہ لیبر قوانین کا اطلاق ان غیر رسمی مزدوروں جن میں دہاڑی دار مزدور، کارخانوں کے اندر کام کرنے والے مزدور، گھروں میں کام کرنے والے ملازمین، ورکشاپس، دوکان، بھٹہ میں کام کرنے والے اور اس قسم کے جو بھی مزدور محنت کش ہیں ان سب پر لیبر قوانین کا اطلاق ہوں اور ان کو یہ حقوق دیے جائیں۔ مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی نے جے آئی لیبر ضلع پشاور کے عہدیدران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ان محروم طبقے کو اٹھانا اور ان میں اپنے حقوق کے حصول کا شعور اجاگر کرنا آپ کا کام ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان ان غیر رسمی محنت کشوں کی تربیت اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ؐ کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق کر کے ان کو تحریک اسلامی کے ہر اوّل دستے کے طور پر تیار کر کے ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔ مرکزی صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس نظام کو تبدیل کرنے کے لیے اور ملک میں حقیقی بنیادوں پر ریاست مدینہ کے قیام کے لیے ان بنیادی نکات پر کام کرنا ہوگا۔ ہمیں پہلے یہ ادراک کرنا ہے کہ ہم کون ہے؟ ہمارا مقصد حیات کیا ہے؟ ہماری حیثیت کیا ہے؟ ہماری طاقت کیا ہے؟ ان تمام باتوں کے لیے ہمیں ان محنت کشوں کی تربیت کرنی ہے اور یہ بیڑہ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان نے اپنے سر اٹھایا ہوا ہے۔ مرکزی صدر نے کہا کہ ہمیں ان مزدور محنت کشوں کے اندر یہ شعور اجاگر کر کے ووٹ کی پرچی کے ذریعے انقلاب لانا ہے۔ اور پاکستان سے جاگیر دارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کرکے ایک دیانت دار اور ایماندار قیادت کو آگے لانا ہے۔ اس موقع پر تنظیم سازی کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی صدر نے نو منتخب صدر جے آئی لیبر ضلع پشاور نادر خان کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں مزدور محنت کشوں کی تنظیم سازی کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مکینک، الیکٹریشن، ریڑھی بان، رکشہ یونین، نان بھائی، دوکانوں، بازار، منڈی، گھروں میں کام کرنے والے، تعمیرات کے شعبے سے وابسطہ افراد، نائی، موچی وغیرہ سب کو منظم کر کے تنظیم سازی کرنی ہے۔ ہمارا اگلہ ٹارگٹ جے آئی لیبر کو منظم کرنے کے لیے یونین کونسل اور ویلج کونسل کی بنیاد پر تنظیم سازی کرنی ہے۔ تاکہ ان تمام طاقت کو ہم اکٹھے کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ ان تمام امور کی انجام دہی کے لیے ہمارا مقصد رضائے الٰہی کا حصول ہونا چاہیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر جے آئی لیبر ضلع پشاور نادر خان نے کہا کہ ہم انشاء اللہ تعالیٰ مرکزی صدر کی رہنمائی میں ان تمام امور کو سر انجام دینے کے لیے دستیاب وسائل کو بروے کار لاتے ہوئے اچھے نتایج اخذ کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ انہوں نے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نادر خان پر اعتماد کا اظہار کیا۔
تقریب میں موجود امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور عتیق الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی جے آئی لیبر کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحریک اسلامی کے کارکن ہیں ہمارا مقصد حیات ایک ہے۔ ہم اس ملک سے محرومیت کے خاتمے اور اسلامی انقلاب کے لیے مل کر کام کریں گے۔ عتیق الرحمان نے کہا کہ پاکستانی عوام ان شعبدہ بازوں سے تنگ آگئے ہیں۔ وہ جماعت اسلامی کی طرف دیکھ رہے ہیں اور انشاء اللہ جماعت اسلامی ہی واحد نجات دہندہ ہے۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سالمیت، استحکام، امن و امان اور معاشی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔