نیشنل ریفائنر ی کے مزدور مطالبات کی منظوری کے لیے دھرنا دیں گے وقار میمن ، ماکر محمود

209

نیشنل ریفائنری کنٹریکٹر ورکرز یونین کا اجلاس 22 جنوری کو کورنگی کے شادی ہال میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر مزدور رہنما وقار میمن، قاضی سراج، شاکر علی، عرفانہ جبار اور دیگر نے خطاب کیا۔ شلمبرجر یونین کے رہنما عبدالحمید نے کہا کہ مزدور محنت سے کام کریں۔ مزدوروں کی خدمت کریں اور حقوق کے لیے جدوجہد کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ روزنامہ جسارت کے قاضی سراج نے کہا کہ جسارت بلاامتیاز محنت کشوں کی خبروں کی اشاعت کرتا ہے۔ جسارت نے ماضی میں مختلف عدالتی فیصلوں کو شائع کیا جس کا مزدوروں کو بہت فائدہ ہوا۔ گریجویٹی عدالتی حکم پر گراس سیلری پر دی جائے گی۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق کارخانے کی حدود میں کام کرنے والے مختلف طرح کے مزدور مستقل مزدور کہلاتے ہیں۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن کے رہنما وقار میمن نے کہا کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر دوستی نبھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کرنے والا مزدور اللہ کا دوست ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکاگو کے مزدوروں نے جدوجہد کرکے اوقات کار مقرر کروائے۔ 1919ء میں ILO نے کام کرنے کے اوقات منظور کیے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ریفائنری کا مزدور دن رات محنت کرکے ادارے کو ترقی دے رہا ہے لیکن نیشنل ریفائنری کی انتظامیہ محنت کشوں کو ان کا حق دینے کے لیے راضی نہیں۔ وقار میمن نے کہا کہ مذاکرات کرتے ہوئے عرصہ ہوگیا اگر مزدور مسائل منظور نہ ہوئے تو نیشنل ریفائنری کے مزدور دھرنا دیں گے۔ دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے سلسلے میں دیگر مزدور تنظیموں سے بھی رابطہ کریں گے۔ نیشنل ریفائنری کنٹریکٹر ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری اور یونائٹیڈ لیبر فرنٹ کے سینئر نائب صدر شاکر محمود صدیقی نے کہا کہ 21 سال میں پہلا موقع ہے کہ ڈیمانڈ کی منظوری کے بغیر جنرل باڈی اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مزدوروں کے مطالبات منظور کیے جائیں ورنہ نیشنل ریفائنری اور کورنگی میں مزدور سخت دھرنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح آئندہ بھی جدوجہد کرکے مزدور حقوق حاصل کریں گے۔ انہوں نے یونین کی مزدوروں کے لیے خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی فلاحی اداروں سے مزدوروں کو سہولتیں دلوارہے ہیں۔ ہوم بیسڈ ورکرز فیڈریشن سندھ کی رہنما عرفانہ جبار نے اپنی مشہور نظم سنائی۔ انہوں نے مزدوروں سے کہا کہ سرجھکانے سے کچھ نہیں ہوگا۔ سراٹھائو تو کچھ بات بنے۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن کے رہنما اسد میمن نے کہا کہ مزدور برادری حق لینے کے لیے اپنی جدوجہد کو مضبوط کریں۔ پروگرام کا آغاز عمیر شفیع نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ تقریب میں مہمانوں کو اجرک اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔ نیشنل ریفائنری کنٹریکٹر ورکرز یونین کی 21 ویں سالگرہ کے موقع پر مزدور رہنما وقار میمن اور دیگر نے کیک کاٹا۔