منی بجٹ سے صنعتی شعبے اور عوام پر دبائو بڑھے گا ، خادم حسین

403

لاہور(کامرس ڈیسک) تاجر رہنما و پاکستان ا سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے ضمنی مالیاتی بل2021(منی بجٹ ) کی پارلیمنٹ سے منظوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منی بجٹ کی منظوری سے صنعتی شعبہ اور عوام پر دبائو بڑھے گا ،غریب عوام پس جائیں گے۔آئی ایم ایف شرائط پر بجلی کے بنیادی ٹیرف میں مزید0.50روپے اضافہ کرنا ہوگا جبکہ باقی ماندہ مزید اضافہ2022-23میں منقل کیا جائے گا۔منی بجٹ میں عوام پر350ارب روپے کا اضافہ بوجھ ڈالنا عوام اور صنعتی شعبہ پر ڈرون حملہ ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خادم حسین نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضوں کے عوض بجلی گیس وپٹرول کی قیمتوں میں اضافوں اور ٹیکسوں کے باعث پہلے ہی ہوشربا مہنگائی کے باعث کاروباری سرگرمیاں کمی کا شکار ہیں اور کاروبار میں شدید مندی کا رجحان ہے نیا منی بجٹ رہی سہی کسر بھی پورے کردے گا اور مہنگائی کے باعث عوام کا جینا دوبھر ہوجائے گا۔انہوںنے نومبر کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں4.30روپے فی یونٹ اضافہ کو غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگی بجلی کے بعد ہر ماہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے عذاب سے صنعتی شعبہ بہت زیادہ متاثر ہورہا ہے اور مہنگی بجلی کے باعث اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔