مزدور مسائل کا حل اتحاد کی طاقت میں ہے، شمس سواتی

170

نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا کا اہم اجلاس المر کز اسلامی جی ٹی روڈ پشاور میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمان سواتی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں آئیسکو لیبر یونٹی سی بی اے کے مرکزی صدر عاشق خان بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں صوبائی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن طلا محمد، جنرل سیکرٹری فلک تاج، صوبائی نائب صدر رحمت اللہ، ضلع پشاور کے صدر شاہ مجبور، ضلع دیر کے صدر محمد نگین، پیغام یونین کے سابقہ صوبائی جنرل سیکرٹری محمد وسیم خٹک اور سابقہ صوبائی رہنما پیغام یونین پیسکو رفیق مظہر نے شرکت کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تلاوت کا شرف محمد نگین نے حاصل کیا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ یہ خصوصی اجلاس واپڈا/ پیسکو میں یونین سازی کے حوالے سے ہے۔ اس سلسلے میں آئیسکو لیبر یونٹی سی بی اے کے مرکزی صدر عاشق خان نے تفصیل سے آئیسکو میں ملازمین کو درپیش مسائل اور یونین کی کارکردگی بیان کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئیسکو کی طرح پیسکو میں بھی پرانے ساتھی یونین سازی کے لیے اپنی کوششوں کو تیز کریں۔ اپنے ساتھیوں کو فعال بنائے میں کردار ادا کریں۔ نیشنل لیبر فیڈریشن ضلع پشاور کے صدر شاہ مجبور نے کہا کہ ہم پیسکو میں انفرادی طور پر ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اگرچہ ہمارے پاس اس وقت کوئی پلیٹ فارم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوہر تاج کی یونین پیسکو ہائیڈرو ورکرز یونین خیبر پختونخوا نے پہلے سے ہی نیشنل لیبر فیڈریشن کے ساتھ باقاعدہ طور پر الحاق کے کاغذات پر دستخط کردیے ہیں، اس لیے میرا مشورہ ہے کہ فی الحال اس یونین کے ساتھ کام کیا جائے جب تک ہمارا اپنا پلیٹ فارم نہیں بنتا۔ ضلع صوابی سے رفیق مظہر نے کہا کہ میں 1992ء سے اس یونین کے ساتھ منسلک رہا مگر ایس ڈی ثاقب نے ہمیں ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، جس کا خمیازہ ہم آج بھی بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی سر گرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ صوبائی جنرل سیکرٹری نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا فلک تاج نے عاشق خان کی کاوشوں کی تعریف کی اور آئیسکو ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ان کی انتھک جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پیسکو میں یونین رجسٹریشن کے لیے تمام کاغذات بمعہ ضروری دستاویزات ڈائریکٹر لیبر خیبر پختونخوا کے دفتر میں پانچ سال پہلے ہی جمع کرادیے تھے۔ اس سلسلے میں ہم نے ڈائریکٹر لیبر خیبر پختونخوا اور رجسٹرار ٹریڈ یونینز خیبر پختونخوا کے ساتھ کی ملاقاتیں کی مگر انہوں نے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا۔ ہم انفرادی طور پر ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ایک لائحہ عمل طے کریں کہ ہم نے پیسکو میں ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے کیا حکمت عملی اپنانی ہے۔ سابقہ صوبائی جنر ل سیکرٹری واپڈا پیغام یونین وسیم خٹک نے کہا کہ پیسکو میں ہم نے 2 مرتبہ ریفرنڈم جیتا تھا مگر آج ہمارے پاس افرادی قوت کی کمی ہے۔ محمد نگین
خان صدر نیشنل لیبر فیڈریشن ضلع دیر نے کہا کہ ہم تو جماعت اسلامی کے کارکن ہے اور جو بھی فیصلہ ہو گا ہمیں من و عن منظور ہو گا۔ اس وقت پیسکو ملازم کو کافی مسائل درپیش ہیں جس کے حل کے لیے ایک باقاعدہ فورم کی اشد ضرورت ہے۔ ہم نے تقریباً 30سال اس یونین کے ساتھ گزار لیے اب ہم اپنی ریٹائرمنٹ کی طرف تیزی سے رواں دواں ہیں۔ ہم پھر بھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ رحمت اللہ صوبائی نائب صدر نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا نے اپنے سفارشات دیتے ہوئے اس موقع پر کہا کہ الحمد اللہ ہم سب تحریک اسلامی کے کارکنان ہیں اور اس ملک میں اسلامی انقلاب کے داعی ہیں۔ ہم اپنے امیر محترم سراج الحق کے اس وژن پر کام کریں گے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہم پاکستان کی سیاست میں اپنے نشان کے ساتھ جائیں گے۔ ہم آئندہ کسی بھی پارٹی کے ساتھ الحاق نہیں کریں گے۔ اس لیے میرا خیال ہے کہا کہ پیسکو میں بھی ہم اپنے لیے ایک یونین بنائیں۔ اپنے پلیٹ فارم سے ہم پیسکو ملازمین کی اچھی طرح سے ان کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ طلا محمد صوبائی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر شمس الرحمان سواتی نے پیسکو کے امور کی انجام دہی اور یونین سازی کے حوالے سے مشاورت کے لیے باہم مشاورت سے صاحب شاہ کو نگران مقرر کیا۔

پ