رئیل اسٹیٹ کو بھی صنعت کا درجہ دینے کے لیے کوشاں ہیں،عاطف شیخ

145

فیصل آباد(کامرس ڈیسک ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے غیر منقولہ جائیدادوں کی قیمتوں میں یکطرفہ اور غیر معمولی اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے اسٹیک ہولڈرز کی مشاور ت سے نئی قیمتوں کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل کی طرح رئیل اسٹیٹ کو بھی صنعت کا درجہ دینے کے لیے کوشاں ہے جبکہ اس شعبہ کو ضروری سہولتیں بھی مہیا کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ایف بی آر نے ایک ہفتہ قبل زمینی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر منقولہ جائیدادوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا تھا۔ اس سے جہاں غریب لوگوں کا اپنا گھر بنانے کے خواب منتشر ہو گئے وہاں رئیل اسٹیٹ کا یہ شعبہ بھی انتہائی کرب میں مبتلا رہا۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی نے نئے نرخوں کو مسترد کر کے ایف بی آر کو از سر نو اِن کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔