ای ایف پی کا اسٹیٹ بینک سے حکومتی قرض لینے پر آئی ایم ایف کے فیصلے کاخیرمقدم

241

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے حکومت کی اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے قرض لینے کے لیے دروازہ کھلا رکھنے کی درخواست کو مسترد کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی بینک سے قرض لینے کی حکمت عملی سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہو گا۔ای ایف پی کے صدراسماعیل ستار نے ایک بیان میں کہاکہ حقیقی معنوں میں مرکزی بینک کا مطلب معیشت میں کرنسی کی سپلائی کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے جو خاص طور پر کمرشل بینکوں کو قرض دینے کا آخری چارہ کار ہوتا ہے۔ یہ بات ذہن میں رکھنا چاہیے کہ جب حکومت جتنا بڑا ادارہ مرکزی بینک سے قرض لینے کا سہارا لیتا ہے تو خود بینک کے پاس کوئی آپشن نہیں ہوتا لیکن زیادہ پیسہ چھاپنے سے افراط زر میں مزید اضافہ ہوتا ہے اور معیشت پر اس کے منفی اثرمرتب ہوتے ہیں۔