کیا لاوارثوں کیلئے قبرستان کا مطالبہ ناجائز ہے؟ رمضان چھیپا

260

کراچی: شہر قائد میں لاوارث لاشوں کی تدفین کی جگہ مختص نہ کرنے پر سماجی رہنما رمضان چھیپا نے سوالات اٹھادئیے ہیں، کراچی شہر میں لاوارث لاشوں کی تدفین وقت کے ساتھ سنگین مسئلہ بن گئی ہے، ایسی صورت حال میں سماجی رہنما رمضان چھیپا نے ارباب اقتدار کو جھنجھوڑ دیا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سماجی رہنما نے کہا کہ صورت حال اس نہج تک پہنچ چکی کہ اب کراچی میں لاوارث لاشوں کی تدفین کے لیے کوئی جگہ نہیں، اعلی حکام سے بار بار اپیل کے باوجود کسی نے شنوائی نہیں کی۔

 رمضان چھیپا نے سوال کیا کہ کیا بحیثیت مسلمان ہمارا یہ فرض نہیں کہ لاوارث لاشوں کو مکمل عزت اور احترام کے ساتھ سپردخاک کیا جائے؟، کیا لاوارثوں کیلیے قبرستان کا مطالبہ ناجائز ہے؟ ۔

سماجی رہنما نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جن کے پاس مسئلے کا حل ہے وہ شاید میری بات سننا ہی نہیں چاہتے، میری صاحب اقتدار اور صاحب اختیار سے عرض ہے کہ اس دیرینہ مسئلے کو حل کریں۔