معیشت کی بہتری کیلیے صنعتکار ٹیکس ادا کریں،صدر مملکت

426
میرپورخاص: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پی ٹی آئی کے کارکنان سے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری میں آئی ٹی انڈسٹریز لگانے کی اشد ضرورت ہے، صنعتکاروں کو چاہیے کہ وہ اپنے اداروں میںخصو صی افرادکو نوکریاں فراہم کرنے کیلیے اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامشورو چیمبر آف کامرس میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انکے ہمراہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اورصوبائی اپوزیشن لیڈر سمیت ڈی سی جامشورو کیپٹن(ر) فریدالدین مصطفی ،ایم ڈی سائٹ منور علی مہیسر ،جامشورو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خلیل بلوچ اور میاں توقیر طارق کے موجود تھے۔صدر پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت بھر پور اقدامات کرے گی مگر ملکی معیشت کو مظبوط کرنے اور ترقی یافتہ بنانے کیلیے وسائل کی کمی کو دور کرنا ہوگا، صنعتکاروں اور سرمایہ داروں کو چاہیے کہ وہ ٹیکس ادا کرکے قومی فریضہ کو پورا کریں تاکہ وسائل میں اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کا تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ ملکی تاریخ میں ہماری حکومت نے برآمدات میں اضافہ کیلیے اقدامات کیے ہیں یہی وجہ ہے کہ برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کو چاہیے کہ وہ اپنے اداروںمیںمیں آئی ٹی کو تقویت دیں دنیا بھر میں آئی ٹی کا شبعہ ترقی کررہا ہے انہوں نے مشورہ دیا کہ سرمایہ کار آئی ٹی انڈسٹریز کے قیام کیلیے سنجیدگی سے سوچیں اور مستقبل کیلیے نوجوانوں کو آئی ٹی انڈسٹریز کیلیے تربیت کرائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹریز میں خواتین کو آگے لانے کیلیے تحفظ والا ماحول فراہم کرنا ہوگا جس سے خواتین میں صنعتی شعبہ میں کام کرنے کی جستجو ہو۔انہوں نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ وہ اپنے مسائل گونر سندھ کے ساتھ شیئر کرسکتے ہیں انکے والد بھی صنعتی تنظیم سے وابستہ رہ چکے ہیں وہ آپ کے مسائل حل کرانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صنعتکاروں کی نشاندہی پر کہا کہ کراچی ایسوسی ایشن کو فراہم کردہ 55فائر فائیٹنگ کام کررہی ہیں ، کوٹری صنعتی علاقہ کیلیے ایک فائر فائیٹنگ فراہم کردی جائیگی مگر اسکے لیے ایس اوپیز کو فالو کرنا ہوگا وہ آپ پوری کرلیں تو فوری فائر فائیٹنگ فراہم کردی جائیگی۔انہوں نے صنعتکاروں کے تحفظات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اداروں کے بورڈ میں نمائندگی کیلیے وہ کوشش کریں گے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلیے مشکل فیصلے بھی کیے ،اگر آج پاکستان میں مہنگائی ہے تو وہ صرف کووڈ کی وجہ سے ہے دنیا بھر میں ترقی یافتہ ممالک اس سے متاثر ہوئے ہیں۔قبل ازیں جامشورو چیمبر آف کامرس کے صدر خلیل بلوچ نے استقبالیہ خطاب میں صدر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ صدر پاکستان ہمارے درمیان موجود ہیں اور اپنے مصروف ترین وقت میں ہمارے لیے وقت نکالا۔