مقبوضہ کشمیر امیت شاہ کے دورے پر فوجی چھا ئونی میں تبدیل

143

سری نگر (اے پی پی)بھارتی حکام نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورے کے موقع پر ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے جس کی وجہ سے محاصرے کا شکار کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔کشمیر میڈیا کے مطابق امیت شاہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے 3 روزہ دورے پر آج سری نگر پہنچے، قابض بھارتی حکام نے سری نگرمیں بڑی تعداد میں بھارتی فوج اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں اور شہر ایک قلعے کا منظر پیش
کررہا ہے ۔ پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے شہر کے کئی علاقوں میں مزیدبنکر تعمیر کر لیے جبکہ اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز اہلکار بھی تعینات ہیں۔ بھارتی پولیس لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون بھی استعمال کر رہی ہے۔ وادی بھر کی سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں جبکہ لوگوں کی تلاشی کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی اقدامات کے نام پر ایک درجن ٹاورز پر موبائل فون انٹرنیٹ سروسز 3 روز قبل معطل کر دی گئی تھیں، سیکڑوں موٹر سائیکلیں ضبط کر لی ہیں۔