افغانستان میں فائرنگ ، دھماکا 2 طالبان سمیت 4 افراد جاں بحق

244

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے شہر جلال آباد میں دو مختلف واقعات میں 2 طالبان سمیت 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر جلال آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے سیکورٹی پر مامور طالبان اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔جلال آباد میں ہی ایک اور واقعے میں سڑک کنارے نصب بم اْس وقت دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے طالبان کی گاڑی گزر رہی تھی۔ دھماکے میں دو افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ترجمان طالبان کا کہنا ہے کہ طالبان کی گاڑی کو دو بم
دھماکوں سے نشانہ بنایا گیا تاہم طالبان اہلکار محفوظ رہے البتہ 2 راہگیر جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔تاحال دونوں واقعات کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم جلال آباد میں اب تک طالبان پر ہونے والے حملوں اور بم دھماکوں کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ جلال آباد میں طالبان کی گاڑیوں پر تین حملے کیے گئے تھے جن میں مجموعی طور پر 12 افراد جاں بحق اور 10 کے قریب زخمی ہوئے تھے جس کے بعد شہر بھر میں داعش کے خلاف آپریشن جاری ہے۔واضح رہے کہ طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے 2 شیعہ مساجد پر خودکش حملوں میں 300 سے زائد نمازی جاں بحق ہوئے ہیں اور ان حملوں کی ذمہ داری بھی داعش خراسان نے قبول کی تھی۔