پاکستان اور کینیڈا کے ما بین تجارت میں اضافہ کیا جائے ، ایس ایم منیر

227
کینیڈین تاجر پرویز اختر کی جانب سے سرپرست اعلیٰ یو بی جی سابق سی ای او ٹی ڈی اے پی ایس ایم منیر کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل عبدالحمید ، ایس ایم نصیر ، امتیاز مرزا ، ایس ایم عمران ، عامر شمسی ، نوید بخاری ، محبوب شیخ اور دیگرکے ہمراہ گروپ

کینیڈا(کامرس ڈیسک)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سابق چیف ایگزیکٹو اوریونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اورکینیڈا کے مابین تعلقات خوشگوار ہیں جنھیں مزید مستحکم بنانے کیلئے کینیڈا میں متعین پاکستانی سفیر اورٹورنٹو میں پاکستانمی قونصل جنرل عبدالحمید بے پناہ کوششیں کررہے ہیں،دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافہ کو اولین ترجیح دے کر اور وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق برآمدات بڑھائی جائیں تو دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت مستحکم ہوسکتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارپاکستانی نژادکینیڈین تاجر پرویز اختر کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں گفتگو کے دوران کیا۔عشائیہ میں ، ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل عبدالحمید ، ایس ایم نصیر ، امتیاز مرزا ، ایس ایم عمران، نوید بخاری ، نوید بخاری ، محبوب شیخ اور دیگربھی موجود تھے ۔ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان اورکینیڈا کا نجی شعبہ باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے اور سفری پابندیوں کے خاتمے سے تجارت میں مزید اضافہ ہونے کے قوی امکانات ہیں۔انھوں نے کہا کہ کینیڈین سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے کی کوششیں کی جائیں کیونکہ کینیڈین سرمایہ کارپاکستان میں مینوفیکچرنگ کے ذریعے وسط ایشیاء اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت بڑھا سکتے ہیں جبکہ وہاں مقیم پاکستانیوں میں ترسیلات میں اضافہ اور روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں سرمایہ کاری کے لئے ترغیب دی جاسکتی ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان اورکینیڈا کی تجارتی تنظیموں کو قریب لانے کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی تاکہ اقتصادی تعاون میں اضافہ ہو،دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو مزید قریب لانے کیلئے دوطرفہ تجارتی وفودکے ایک دوسرے کے ملکوں کے دورے سمیت سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کی کوششیں کی جائیں۔