حکمرانوں نے اسلام کے نام پر ہمیشہ کھلواڑ کیا‘ محمد حسین محنتی

122

کراچی/نواب شاہ (نمائندگان جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسوہ حسنہ ؐ پر عمل کرکے آج کی بھٹکی ہوئی انسانیت مہنگائی بھوک غربت سمیت تمام مسائل سے نجات اور دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ حضور اکرم ؐسے محبت کا تقاضا ہے کہ سنت رسول پر عمل اور اس کے لائے ہوئے شریعت کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاضی احمد کے قریب مدرسہ تفہیم الاسلام الحسانیہ ولیج اللہ بخش لاشاری میں منعقدہ سیرت النبیؐکے جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر سرور احمد قریشی، مولانا نورمحمد جونو، سردار احمد آرائیں، مولانا غلام سرور خاصخیلی، مولانا جنید الرحمٰن ودیگر نے بھی موجود تھے۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے ہمیشہ اسلام کے نام پر کھلواڑ کیا ہے اب مدینہ کی ریاست کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے ان کے اقدامات اسلام کے خلاف ہیں اور اب عوام کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے مہنگائی کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے اب عوام کھرے اور کھوٹے میں تمیز کریں جماعت اسلامی اس ملک میں اسلامی نظام نافذ کر کے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور ناانصافی سے نجات دلانے کا عزم رکھتی ہے عوام ہمارا ساتھ دیں جلسہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔