کے الیکٹرک کی مہنگی ترین بجلی شہریوں کو نہیں دی جا سکتی، جماعت اسلامی

410
Karachi hostility

کراچی:جماعت اسلامی نے نیپرا کی سماعت میں کے الیکٹرک کی جانب سے 18.86روپے فی یونٹ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی نا اہلی کی سزا کراچی کے شہریوں کو نہیں دی جا سکتی، کے الیکٹرک ملک میں مہنگی ترین بجلی پیدا کر رہی ہے اور کراچی کے صارفین مہنگی ترین بجلی خریدنے پر مجبور ہیں مہنگی بجلی خریدنے اور وقت پر بل ادا کرنے کے باوجود شہر میں 3سے 18گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے نمائندے عمران شاہد کی جانب سے کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کا پول کھولنے اور چارج شیٹ پیش کرنے پر ممبرنیپرا سندھ رفیق احمد شیخ جو سماعت کی صدارت کر رہے تھے  کے الیکٹرک کی سرپرستی و پشت پناہی میں کھل کر سامنے آگئے اور انہوں نے عمران شاہد کا مائیک بند کر دیا۔

عمران شاہد نے دوران سماعت میں دلائل دیے کہ  کراچی کو کے الیکٹرک کی مہنگی بجلی کے بجائے این ٹی ڈی سی سے سستی بجلی فراہم کی جائے، جماعت اسلامی نے ممبر نیپرا سندھ کے کھلم کھلا جانبداری اور اہل کراچی کی آواز کودبانے کی شدید مذمت کی۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت نیپرا اور کے الیکٹرک نے اہل کراچی کے خلاف شیطانی اتحاد بنایا ہواہے جس کا عملی مظاہرہ آج کی سماعت میں کیا گیا۔

 دریں اثناء جماعت اسلامی کے تحت کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی، بدترین لوڈشیڈنگ اور نرخوں میں ممکنہ ظالمانہ اضافے کے خلاف ہفتہ 11مئی کو کراچی کے تمام ٹاؤنز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔