جماعت اسلامی کے وفد کی ڈی جی نادرا سندھ سے ملاقات، مسائل حل کرنے کا مطالبہ

418

کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ احتشام شاہد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور میگا سینٹر ودیگر دفاتر میں عوامی مشکلات وپریشانیوں، لمبی لائنوں، عوام کی تذلیل،غیر ضروری دستاویزات کی طلبی اور دیگر درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگوکی اور مطالبہ کیا کہ شناختی کارڈ کے حصول میں عوام کو درپیش مشکلات و پریشانیاں وبلاجواز پیداکردہ روکاوٹیں دورکی جائیں۔

جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ   نادرا کی ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،غیر ضروری دستاویزات طلب کر کے عوام کو واپس کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے،میگا سینٹر پر رش کم کرنے کے لیے رات کے اوقات میں بھی تمام کانٹرز فعال کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ   نئے نادرا میگا سینٹر کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، وفد نے قومی شناختی کارڈ بنوانے کے سلسلے میں عوام کے مسائل اور ان کے لیے مختلف تجاویز پر مشتمل یادداشت بھی پیش کیں۔

ڈی جی نادرا احتشام شاہد نے وفد کا خیر مقدم کیا اورتجاویز و مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔