پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا سیلاب آئے گا،الیاس میمن

306

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل کراچی انجمن تاجران کے چیئرمین اور طارق روڈ ٹریڈرز الائنس کے صدر الیاس میمن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافے اور روپے کی قدر میں کمی سے مہنگائی کا سیلاب آئے گا، جس سے عوام شدید متاثر ہوںگے ، حکومت فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو سبسڈی دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر ر ہنمائوں عبدالصمد خان ، ایوب شیخ ، اقبال، عالم چوہدری، سلیم انڑ،ناصرمحمود،،طلعت محمود،رفیق جدون،مجاہد دین ، حنیف موتی والا،صابر علی،الیاس بٹ،،شکیل چائولہ،نسیم یوسف،حنیف بہادر آباد کے ہمراہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الیاس میمن نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سے نہ صرف مجموعی معاشی کارکردگی پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے بلکہ کاروباری اداروں اور غریب عوام کی مشکلات بھی مزید بڑھیںگی جو پہلے ہی مہنگائی کے بوجھل تلے پس کر رہ گئے ہیں۔الیاس میمن نے کہاکہ موجودہ حکومت کی ہمیشہ یہ خواہش رہی ہے کہ کاروبار کی لاگت کم ہوسکے لیکن اس طرح کے اقدامات حکومت کی پالیسی کی نفی کرتے ہیں ۔الیاس میمن نے کہا کہ مئی 2021 ء کو امریکی ڈالر کی قیمت 152.30 روپے تھی جو آج 171.20 روپے تک پہنچ چکا ہے ،5ماہ کے دوران ڈالر میں 12.4فیصد اضافہ ہوگیاہے۔ الیاس میمن نے مزید کہا کہ روپے کی قدر میں حد سے زیادہ کمی نے کاروباری لاگت بے انتہا بڑھا دی ہے اور مہنگائی میں بھی ہوشربا اضافہ کیا ہے۔