بجلی اور پیٹرول کی قیمت میں اضافہ منی بجٹ ہے ، فراز الرحمٰن

259

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کاٹی کے سابق سینئر نائب صدر اور کے بی جی کے صدر فرازالرحمٰن نے بجلی اور پیٹرول میں اضافے کو منی بجٹ قرار دے دیا۔ایک بیان میں انہوں نے پیٹر ولیم قیمتوں میں تاریخی اضافے کو معاشی تباہی کا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی کا خواب دکھانے والوں نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹر ول ڈیزل اوردیگرمصنوعات کی قیمت میں ہوشربا اضافے سے مہنگائی میں اضافے کی رفتار تیز ہوجائے گی اوراس سے عوام اورکاروبار بری طرح متاثر ہوں گے۔ حکومت موجودہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے پیٹر ولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے ورنہ ملک مہنگائی کے سونامی میں ڈوب جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 3 سال میں بجلی کی قیمت میں 40 فیصد سے زائد اضافہ کیا، جب تحریک انصاف کی حکومت نے اگست 2018 میں اقتدار سنبھالا تھا اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 95 روپے 24 پیسے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے پہلے ہی دو وقت کی روٹی مشکل کردی ہے، اب رہی سہی کسر مہنگے پٹرول اور بجلی سے پوری ہوجائے گی۔