ویکسینیشن کے اہداف حاصل کرنے کیلیے حکمت عملی سخت کرنے کا فیصلہ

291

لاہور: این سی او سی نے ویکسینیشن اہداف حاصل کرنے کے لیے سخت حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق این سی او سی نے ویکسینیشن اہداف حاصل کرنے کے لیے تمام محکموں اور سیکٹرز کو  مختلف تاریخیں دے دیں، تمام سیکٹرز کو تفویض کردہ تاریخوں کے مطابق مکمل ویکسینیشن یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔

سیکرٹری ہیلتھ عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ مقرر کردہ آخری تاریخ کے بعد بغیر ویکسینیشن کسی فرد کو کوئی سہولت نہیں دی جائے گی، محکمہ تعلیم سے منسلک افراد 30 ستمبر تک مکمل ویکسی نیشن یقینی بنائیں۔

عمران سکندر بلوچ نے کہا کہ کاروباری مراکز میں داخلے، ہوٹلز اور ریسٹ ہاوسز میں بکنگ کے لیے مکمل ویکسینیشن ضروری ہوگی، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز میں داخلے کے لیے 30 ستمبر تک کی تاریخ مقرر ہے۔

سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ تمام نجی اور سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے افراد 15 اکتوبر تک ویکسینیشن لازمی کروالیں، ٹرین اور موٹروے پر سفر کے لیے 15 اکتوبر تک مکمل ویکسینیشن لگوانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون اور اندرون ملک سفر کرنے والے افراد بھی 30 ستمبر تک ویکسینیشن یقینی بنائیں جبکہ 30 ستمبر سے پہلے بیرون ملک سفر کرنے والوں کو ویکسینیشن کی شرط کے بغیر ملک میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں اور ٹرمینلز پر موجود ملازمین کے لیے 15 اکتوبر تک مکمل ویکسی نیشن ضروری ہے، پبلک ٹرانسپورٹ، میٹرو، بی آر ٹی، اورینج ٹرین میں سفر کے لیے 31 اکتوبر تک ویکسینیشن لازم قرار ہے، اٹھارہ سال سے کم عمر کے افراد  کے لیے 30 نومبر تک ویکسینیشن مکمل کروانے کی شرط رکھی گئی ہے۔