سی ڈی اے ریفرنڈم میں فتح کے بعد خدمت کریں گے ، چودھری یٰسین

175

سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین گروپ انتخابی نشان چاند ستارہ کی ریفرنڈم تقریب ریونیو ڈائریکٹوریٹ جی سیون اقبال ہال اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر ملازمین کے موجودہ پلاٹوں کی قرعہ اندازی کے خلاف اپنے حواریوں کے ذریعے مزدور دشمن ٹولے نے حکم امتناع لے کر سی ڈی اے کے محنت کشوں کا معاشی قتل کیا ،سی ڈی اے مزدور یونین کی تمام قیادت اور کارکن اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی خاطر سی ڈی اے مزدور یونین ایک بارپھر ہر سطح پر اپنی قانونی، جمہوری اور اخلاقی جدوجہد جاری رکھتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ اپنے محنت کشوں کو کسی صورت بھی اس حق سے محروم نہیں ہونے دے گی، انہوں نے کہا کہ یہ وہی مزدور دشمن ٹولہ ہے جنہوں نے ماضی میں 30 اپریل 2011 کو ملازمین کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی رکواکر اپنے گماشتوں کے ذریعے حکم امتناع لیا اور چارہزار خاندانوں کا معاشی قتل کیا اور سات سال کی طویل جدوجہد کے بعد سی ڈی اے مزدور یونین اسلام آباد ہائیکورٹ سے فیصلہ محنت کشوں کے حق میں لائی اور تب بھی یہ ٹولہ انتظامیہ اور افسران کی ملی بھگت سے اس فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کر کے ساڑھے تین سال سے زائد عرصے تک پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں رکاوٹ بنا رہا اور آج جب سی ڈی اے مزدور یونین نے چیئرمین سی ڈی اے ،بورڈ ممبران اور انتظامیہ کو تحریری طور پر یہ باورکروایا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب ملازمین کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی میں کوئی رکاوٹ نہیں تو ریفرنڈم سے راہ فرار اختیار کرنے والے اس ٹولے نے اپنے حواریوں اور چند مزدور دشمن افسران سے سازبازکر کے ایک بارپھر محنت کشوں کو ان کے حق سے محروم کرنے کی سازش کی ہے ،میں افسران سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ ادارے میں کام کرنے والے مالی، بیلدار، کلرک سمیت سکیل نمبر 01 سے 16تک کے محنت کشوں کو ان کے حق سے محروم کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائیں ،کبھی یہ مزدور دشمن سی ڈی اے کے دس ہزارسے زائد محنت کشوں کو ایم سی آئی کا حصہ قراردیتے ہیں اور کبھی انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے غریب ملازم کی ہفتہ وار چھٹی کو بندکرواکر ان کے بنیادی حقوق سلب کرتے ہیں اور کبھی غریب ڈیلی ویجز ملازمین کو ان کی نوکریوں سے برطرف کرواکرانکے گھر کے چولہے ٹھنڈے کر دیتے ہیں ،سی ڈی اے مزدور یونین اس فیصلے کے خلاف نہ صرف پارٹی بنے گی بلکہ محنت کشوں کے حقوق کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ 17ستمبرریفرنڈم کا دن ہے اور سی ڈی اے کے محنت کش کو ایک بارپھر یہ موقع فراہم کیا جارہاہے کہ وہ ڈبل بیسک کے نام پر ملازمین کو بیوقوف بنانے والوں اور ایک بارپھر محنت کشوں کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی کو اپنے حواریوں کے ذریعے سازبازکرکے رکوانے والے اس ٹولے کا محاسبہ کریں ،سی ڈی اے مزدور یونین ہر محاذ پر محنت کشوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے ان عناصر کا مقابلہ کرے گی۔ ریفرنڈم میں کامیابی کے بعد سی ڈی اے ملازمین کے تمام درینہ مسائل ان کے بچوں کی بھرتی ،پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،ڈیلی ویجز و مسٹررول ملازمین کی مستقلی سمیت تمام مطالبات کو ترجیح بنیادوں پر حل کرے گی ۔