پاکستان اسٹاک مارکیٹ: سرمائے میں 14ارب کا اضافہ

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروباری اتار چڑھائو کے بعد تیزی ملا جلا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس 47900پوائنٹس کو چھونے کے بعد 47700 پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں 14ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 48.17فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ،سرمایہ کاروں کی پیٹرولیم ،ٹیلی کام اور گیس سیکٹرز سمیت دیگر شعبوں میں ابتدائی سیشن کے دوران سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 47980 پوائنٹس کی بلند سطح پر جا پہنچا تھا تاہم انڈیکس اس طرح پر برقرا ر نہ رہ سکا اور 47700پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا ۔ بدھ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای100انڈیکس میں 31.56 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 47758.32 پوائنٹس سے بڑھ کر 47789.88پوائنٹس ہو گیا تاہم کے ایس ای30انڈیکس14.18پوائنٹس کی کمی سے 19110.07پوائنٹس سے کم ہو کر 19095.89پوائنٹس پر بند ہوا ۔