عارف حبیب کمپنی نے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا

167

کراچی(اسٹاف رپورٹر) عارف حبیب لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30جون 2021کو ختم ہونے والے مالی سال کے نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق کمپنی نے 2.084ارب روپے کا منافع حاصل کیا جو کمپنی کی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا منافع ہے۔ بورڈ نے سال 2021کے لیے100فیصد کے حساب سے 10روپے فی حصص کیش ڈیویڈنڈ اور 10فیصد بونس شیئر کا بھی اعلان کیاہے ۔کمپنی نے بروکریج ، انویسٹمنٹ بینکنگ اور منی مارکیٹ ڈویژن میں اپنی تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی آمدنی بھی ریکارڈ کی ہے۔ کمپنی کے بروکریج ڈویژن کی آمدنی میں گزشتہ سال کی اسی مدّت کے مقابلے میں 132 فیصد اضافہ ہوا۔ انویسٹمنٹ بینکنگ کی آمدنی 633فیصد اضافے کے ساتھ 155ملین روپے سے بڑھ کر 672ملین روپے رہی۔ کمپنی کی آمدنی میں اضافے کی بنیادی وجہ مختلف کمپنیوں کے ایکویٹی اور آئی پی اوز کی کامیابی سے تکمیل تھی۔ کمپنی کے سرمایہ کاری پورٹ فولیو نے پچھلے سال کی اسی مدّت کے 228ملین روپے کے مقابلے میں 1681ملین روپے کی آمدنی حاصل کی ہے۔کمپنی کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد علی حبیب نے کہا کہ عارف حبیب لمیٹڈ کی ترقی کی رفتار شاندار اور ہماری توقعات کے عین مطابق ہے۔