نٹ ویئر زرمبادلہ کمانے میں سرفہرست ہے ، جاوید بلوانی

178

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی ایکسپورٹس میں مالی سال 2020-21میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 18.28 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے اور ایکسپورٹ 21.393بلین ڈالرز سے بڑھ کر 25.304بلین ڈالرز کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔ مذکورہ مجموعی ایکسپورٹس میں سب سے بڑا حصہ ٹیکسٹائل گروپ کا ہے جو 60.86فیصد ہے جبکہ نٹ ویئر ہوزری کا حصہ 15.08فیصد بنتا ہے۔اسی طرح ٹیکسٹائل ایکسپورٹ گروپ میںنٹ ویئر 25فیصد حصہ کے ساتھ سرفہرست ہے۔ سال 2021-22میں نٹ ویئر ایکسپورٹ کا حصہ 20 فیصد ہو گا۔ اگر حکومت نٹ ویئر سیکٹر کی تجاویز و سفارشات پر غور کرتے ہوئے سیکٹر کی درپیش معاملات و مسائل حل کر دیتی تو اکیلے نٹ ویئر ہوزری کا حصہ ایکسپورٹس میں 2020-21میں 25فیصد ہوتا۔ یہ بیان جاوید بلوانی، چیف کوآرڈینیٹر و سابق چیئرمین ، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے دیا۔انھوں نے بتایا کہ کورونا وباء کے باوجودنٹ ویئر ہوزری کی ایکسپورٹ مالی سال 2020-21میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 36.57فیصد اضافہ ہوا اور نٹ ویئر ہوزری کی ایکسپورٹ 2.794بلین ڈالرز سے بڑھ کر 3.816بلین ڈالرز کی سطح تک پہنچ گئی اور اس طرح نٹ ویئر سیکٹر نے ملک کے لیے سب سے زیادہ زرمبادلہ کمایا۔زرمبادلہ کی یہ رقم ریڈی میڈ گارمنٹس کی ایکسپورٹس سے 25.83فیصد، بیڈویئر کی ایکسپورٹس سے 37.68فیصد اور ٹاول کی ایکسپورٹس سے307فیصد زیادہ ہے۔اگر نیٹیڈ بیڈ شیٹس اور نیٹیڈ فیبرک کو بھی شامل کر لیا جائے تو نٹ وئیر سیکٹر کی زرمبادلہ کی رقم 4.532بلین ڈالرز بنتی ہے جب ٹیکسٹائل گروپ کا 29.20فیصد اور مجموعی ایکسپورٹس کا 17.91فیصد ہے۔کورونا وباء اور دیگر چیلنجز کے باوجودنٹ ویئر ایکسپورٹ میں اہم سنگ میل عبور کرنے پر انھوں نے نٹ ویئر ہوزری ایکسپورٹرز کو سراہا۔