ملازمین کی ویکسینیشن نہیں کرائی تو انضباطی کارروائی کی جائے گی،ایس ای سی پی

269

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے خبردار کیا ہے کہ اگر ریگولیٹری کمپنیوں نے 31 اگست سے اپنے تمام ملازمین کی ویکسینیشن نہیں کرائی تو انضباطی کارروائی کی جائے گی۔ ایس ای سی پی کے ایک سرکلر میں کہا گیا کہ ایس ای سی پی وبائی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے حکومت کی ہدایات اور پالیسیوں پر مؤثر طریقے سے عمل کرنے میں ناکام رہنے والی کمپنیوں کے خلاف ریگولیٹری اقدامات پر غور کرے گی۔سرکلر میں کہا گیا کہ تمام کمپنیاں اپنے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی ویکسینیشن سے متعلق ساری تفصیلات 26 جولائی تک ایس ای سی پی کو پیش کریں۔سرکلر کے مطابق ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر ابتدائی رپورٹ میں کمپنی کا نام، ملازمین کی مجموعی تعداد، ویکسنیٹڈ عملے، ویکسینیشن کے اہل اہلخانہ کی تعداد سمیت دیگر تفصیلات موجود ہونی چاہیے۔سرکلر تمام پبلک لسٹڈ کمپنیوں، پبلک ان لسٹڈ اور نجی کمپنیوں، ایسوسی ایشنز، ٹریڈ باڈیز، چیمبرز، نان بینک مائیکرو فنانس کمپنیوں، انشورنس کمپنیوں، این بی ایف آئی اور بروکرز سمیت دیگر کو جاری کیا گیا تھا۔ایس ای سی پی میں تقریباً ایک لاکھ 46 ہزار کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔ایس ای سی پی کے سرکلر میں مزید کہا گیا کہ اگر ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے ابھی تک ویکسینیشن مہم میں حصہ نہیں لیا تو کمپنیوں کی انتظامیہ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ویکسینیشن کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کریں۔