ظہور اعوان کو مبارک باد

256

پاکستان ورکرز فیڈریشن کے صدر چوہدری نسیم اقبال، جنرل سیکرٹری چوہدری یاسین، چیئرمین ماما سلام بلوچ، نیشنل کوارڈنیٹر شوکت علی انجم، بلوچستان کے صدر حاجی عبدالکریم، جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ، چیئرمین اسلام شاہ، حاجی محمد افضل مینگل، حاجی خدائے رحیم، ناصر راہی، حاجی عزیز احمد سارنگزئی اور اصغر لودھی نے پاکستان کے معروف مزدور رہنما اور پاکستان ورکرز فیڈریشن کے قائد محمد ظہور اعوان کو بھاری اکثریت سے تیسری مرتبہ عالمی ادارہ محنت انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (ILO) کی گورننگ باڈی کے ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پاکستان کے محنت کشوں کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13 جون کو ILO کی گورننگ باڈی کا انتخاب سوئزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہوا جس میں محمد ظہور اعوان تیسری مرتبہ بھاری اکثریت سے گورننگ باڈی کے ممبر منتخب ہوئے۔ دنیا کے سب سے بڑے ادارے میں پاکستان کے محنت کشوں کو نمائندگی ملنا پاکستان کے ملازمین خاص کر پاکستان ورکرز فیڈریشن کے ممبران کے لیے باعث صد افتخار ہے۔ انہوں نے کہاکہ محمد ظہور اعوان نے پاکستان اور دنیا کے محنت کشوں کے حقوق کے لئے دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے جس کی پوری دنیا معترف ہے یہی وجہ کہ وہ تیسری مرتبہ ILO کی گورننگ باڈی کے ممبر منتخب ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم محمد ظہور اعوان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ سابقہ ادوار کی طرح وہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، باوقار روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانے اور محنت کشوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف بین الاقوامی ادارے میں موثر آواز اٹھائیں گے۔