آئی ایم ایف کی لٹکتی تلوار کے باوجود عوامی بجٹ پیش کیا گیا

209

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان اکانومی واچ برگیڈئیر(ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل حالات میں عالمی مالیاتی اداروں کی خواہشات کے برعکس عوامی بجٹ پیش کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔حکومت نے موبائل کالز ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ میں ایک سو ارب روپے کے ٹیکس لگانے کا فیصلہ واپس لے کر درست قدم اٹھایا ہے کیونکہ موجود ہ وباء کے دوران ٹیلی مواصلات پر دارومدار بہت بڑھ کیا ہے۔ تعمیراتی پیکج میں ایک سال کی توسیع کی جائے اورتمباکو چینی والے مشروبات اورسامان تعیش پر ٹیکس مزید بڑھا کر اس کی آمدنی کو موسمیاتی تبدیلی کے مقابلہ اور واٹر سیکورٹی کے لیے استعمال کیا جائے ۔محمد اسلم خان نے ایک بیان میں کہا کہ موسمیاتی تغیر گردشی قرضہ سے بڑا مسئلہ ہے جس سے معیشت کو سالانہ ڈیڑھ کھرب سے زیادہ کا نقصان ہو رہا ہے مگر اس پر توجہ کم ہے جو اس شعبہ کے لیے بجٹ میں مختص کردہ سولہ ارب روپے کی رقم سے ظاہر ہے۔