اسداللہ بھٹو اور معراج الہدیٰ کی قیادت میں وفد کی بحریہ ٹائون کے متاثرین سے ملاقات

159

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی ظلم وظالمانہ نظام کے خلاف اورمظلوم کے ساتھ تھی اور ان شااللہ کل بھی ظالم کے خلاف کھڑی ہوگی صرف جماعت اسلامی ہی مافیا کو للکارنے کی جرأت رکھتی ہے اس لیے سندھ کے عوام کی حفاظت صرف جماعت اسلامی کرسکتی ہے۔ عوام ظالمانہ نظام و کرپٹ قیادت سے نجات اوراسلامی نظام و دیانتدار قیادت کو آگے بڑھانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گڈاپ ملیرمیں بحریہ ٹاون کے متاثرین سے ملاقات کے دوران کیا۔ اسداللہ بھٹو کی زیرقیادت جماعت اسلامی کے وفد نے حاجی عبدالغفارگبول کی اوطاق پر جماعت اسلامی کے کارکنان و حامیان سے ملاقات اور بحریہ ٹائون کی جانب سے کراچی کی ان قدیمی آبادیوں پر ڈھائے جانے والے ستم کو براہ راست اس علاقے میں گبول جوکھیو برفت اور خاصخیلی برادری کے لوگ سیکڑوں سال سے آباد ہیں۔ وفد میں مرکزی نائب امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،گڈاپ شمالی کے ذمے دار سکندرگبول ،سجاداحمد داراودیگر شامل تھے۔حاجی عبدالغفار گبول نے اپنا مقدمہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج کے جدید دور میں بھی کراچی کے یہ مضافاتی علاقوں کے مکین 50 سال پہلے والی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کے پاس بجلی پانی تعلیم صحت کی بنیادی سہولتیں موجود نہیں۔ محرومیوں میں بسے ان غریب لوگوں کی زمینیں بحریہ ٹائون نے ہتھیانا شروع کردیں۔ نبی بخش گبول گوٹھ کے مکینوں نے جماعت اسلامی کے وفد کو بتایا کہ 2013ء میں گوٹھ کے برابر ان کی زرعی زمین جب بحریہ ٹائون کو دینے سے انکار کیا تو ایک دن رائو انوار کی قیادت میں 30 پولیس موبائلیں اور 50 سے زاید بلڈوزر آئے اور بائونڈری وال اٹھانا شروع کردی۔ ڈیڑھ سو سال سے یہاں بسنے والے جب اپنے کاغذات لے کر ریونیو ڈپارٹمنٹ گئے تو وہ بھی بحریہ ٹائون کے ملازم بنے ہوئے تھے۔ایم این اے اور ایم پی اے نے کہا کہ ہم تمہاری مدد نہیں کرسکتے۔ احتجاج کرنے والوں پر جھوٹے مقدمات بنا کر بند کردیا گیا۔ بڑی رقومات خرچ کرکے مقدمات بھگتتے رہے۔ بڑی مشکل سے ملک ریاض کے داماد ملک زین سے ملاقات ہوئی اس نے زمین کی پیمائش 102 ایکڑ بتائی جو اس سے کہیں زیادہ تھی۔ ملک زین نے کہا کہ 4 دن میں پیسے مل جائیںگے لیکن ابھی تک یہ پیسے نہیں ملے۔ اب پیسے لینے جاتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ ملک زین آئے گا تو پیسے دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے سوا کوئی ہماری فریاد نہیں سن رہا۔ بحریہ ٹائون کم و بیش انہی حیلوں طریقوں اور بہانوں سے70 ہزار ایکڑ زمین ہتھیا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا املاک جلانے والوں سے کوئی تعلق نہیں ہم پرامن اور غریب لوگ ہیں ہمیں جن کی املاک جلیں ان سے ہمدردی ہے اور ہمارا بھی مطالبہ ہے کہ ان کا نقصان پورا کیا جائے۔ ہمیں انصاف دیا جائے جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں، ہماری زرعی زمین چھینی جارہی ہے تو ہمارے نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں اور مکروہ دھندوں کے بجائے زمین کی خریدوفروخت مارکیٹ کے قواعد کے مطابق کی جائے۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ یہ ظلم اس لیے ہورہا ہے کہ یہاں اللہ کا نام لیاجاتا ہے لیکن اس کا نظام موجود نہیں۔ سندھ کے انسانوں کو سرمایہ داروں کی چوکھٹ پر مزید سرمائے کے حصول کے لیے بلی چڑھایا جارہا ہے۔پیپلزپارٹی وصوبائی حکومت کی ملی بھگت سے سندھ کے قدیم گوٹھوںکومسمار وغریبوں کی زمین ہتھیانے کے خلاف اوربحریہ ٹائون کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن نے بھرپورجدوجہد کی ۔جماعت اسلامی مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اورہرفورم پرظلم وظالموں کے ٹولے کے خلاف آوازبلند کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آپ جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ وہ اقتدار میں آکر اللہ کا نظام قائم کرے اور ظلم سے عوام کو نجات ملے۔