بلوچستان میں یونینوں کا اتحاد

218

پاکستان ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین ایکشن کمیٹی کے دفتر میں کیسکو لیبر یونین بلوچستان کے قائدین اور کارکنوں کے اعزاز میں ایک پرُوقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں دونوں یونینوں کے قیادت کے علاوہ عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہائیڈرو ورکرز یونین ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں غلام فرید لونی، حافظ عصمت اللہ اور محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے ہائیڈرو ورکرز یونین ایکشن کمیٹی کو کیسکو لیبر یونین بلوچستان میں ضم کرنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ ہم کیسکو لیبر یونین کا حصہ ہیں۔ یونین کی فعالیت اور ریفرنڈم میں کامیابی کے لیے دن رات محنت کریں گے۔ کیسکو لیبر یونین بلوچستان کے صدر پیر محمد کاکڑ، سرپرست اعلیٰ آغا سلطان شاہ نے کہا کہ مزدور متحد ہو کر محنت کشوں کی فلاح اورکمپنی کی ترقی و خوشحالی، اپنے حقوق کے تحفظ اور جائز مطالبات کی منظوری کیلئے منظم تحریک چلائیں گے۔