ایل سلواڈور بٹ کوائن کو قانونی کرنسی کی حیثیت ملنے والادنیا کا پہلا ملک

335

سان سلواڈورو(کامرس ڈیسک)ایل سلواڈور دنیا کا وہ پہلا ملک بننے والا ہے جہاں بٹ کوائن کو قانونی کرنسی کی حیثیت ملنے والی ہے۔ ایک حکومتی ترجمان نے بتایاکہ لاطینی امریکی ملک نے ایک قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت شہری بٹ کوائن کو ہر چیز کے لیے بشمول ٹیکسوں کی ادائیگی، اشیا اور سروسز کی خریداری اور قرضے ادا کرنے کے لیے استعمال کرسکیں گے۔یہ قدم صدر نایب بوکلے کی کوششوں کا نتیجہ ہے جن کا کہناتھا کہ اس سے ان افراد کو مدد مل سکے گی جن کی بینکوں تک رسائی حاصل نہیں یا ان لوگوں کو جو بیرون ملک سے رقوم بھیجنا چاہتے ہیں۔تاہم ناقدین کے خیال میں یہ قدم کسی نمایاں تبدیلی بجائے محض دکھاوا ہے۔اس منصوبے کی منظوری 8 جون کی شب دی گئی تھی جس کا اعلان صدر نے گزشتہ دنوں امریکی شہر میامی میں ایک بٹ کوائن کانفرنس کے دوران کیا تھا۔ایل سلواڈور میں بٹ کوائن 3 ماہ کے اندر آفیشل کرنسی کی حیثیت اختیار کرلے گی اور وہاں امریکی ڈالر کے مقابلے پر آجائے گی، جو اس وقت لاطینی امریکی ملک کی واحد کرنسی ہے، تاہم اس کی حیثیت بھی برقرار رہے گی۔اگرچہ صدر نایب بوکلے کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ڈالر کی بجائے بٹ کوائن کو دولت کے طور پر تصور کرنا چاہیے۔