پاکستان اسٹاک:کے ایس ای100انڈیکس میں370.36پوائنٹس کی کمی

246

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںمسلسل دوسرے روز بدھ کو بھی کاروبار حصص میں مندی کا رجحان غالب رہا جس کے نتیجے میںکے ایس ای100انڈیکس 48 ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 370.36 پوائنٹس کی کمی سے 47777.62 پوائنٹس کی سطح پر آگیاجب کہ 65.86 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈکی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 68 ارب33کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم منگل کی نسبت 30.23فیصدکم رہا۔گز شتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں اور ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص خریداری کے باعث تیزی رہی جس کے نتیجے میںکے ایس ای 100 انڈیکس 48312 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کا دباوٗ بڑھنے کے سبب تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور انڈیکس 47726پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا مندی کے اثرات آخر تک برقرار رہے اور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 370.36 پوائنٹس کی کمی سے 47777.62 پوائنٹس پر بند ہواجب کہ 193.11پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 19381.81پوائنٹس،کے ایس ای آل شیئرا نڈیکس236.74پوائنٹس کی کمی سے 32397.26پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 562.08پوائنٹس گھٹ کر 78230.76 پوائنٹس کی سطح پرآگیا ۔