آئی بی اے اوراے جی پی نے ا سکالرشپ فنڈ قائم کردیا

537
آئی بی اے اور دوا سازکمپنی اے جی پی لمیٹڈکے مابین معاہدے کی دستاویزات کا تبادلہ کیا جارہا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے)، اور دوا سازکمپنی اے جی پی لمیٹڈ نے مستحق طلباء کے لیے مالی اعانت پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے 40 لاکھ روپے کی مالیت کا سالانہ ا سکالرشپ فنڈ قائم کردیا۔معاہدے کے مطابق اس مد میں ہر سال 10لاکھ روپے کی رقم فراہم کی جائے گی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر، آئی بی اے، ڈاکٹر ایس اکبر زیدی اور ایم ڈی اور سی ای او، اے جی پی لمیٹڈ، نصرت منشی نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت، اے جی پی لمیٹڈ، آئی بی اے کے مستحق انڈرگریجویٹ طلباء کو چار سال کے لیے مالی مدد فراہم کرے گا۔اس موقع پرنصرت منشی نے آئی بی ا ے نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت کم مراعات یافتہ طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے دواسازی کے شعبے میں کارپوریٹ ہستی کی حیثیت سے، اے جی پی،مستحق طلباء تک تعلیم کی رسائی کے عمل میں آئی بی اے کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ڈاکٹر زیدی نے صحت کے شعبے میں اے جی پی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے معیاری تعلیم کی مستحق طلباء تک فراہمی کے مشن میں آئی بی اے کی مدد کرنے پر اے جی پی کا شکریہ بھی ا دا کیا۔آئی بی اے اپنے مالی اعانت پروگرام کے ذریعہ 2016 سے9000 طالبعلموںکو 1.2 ارب روپے کی گرانٹ فراہم کرچکا ہے۔