اقوام متحدہ فلسطین میں ظلم بند کروائے ، شکیل احمد

176

نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے سیکرٹری شکیل احمد شیخ، انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ ، حیدرآباد زون کے سیکرٹری اعجاز حسین اور دیگر نے ایام رمضان اور ایام عید کے دوران مقبوضہ فلسطین اور خاص طور پر بیت المقدس میں اسرائیلی جارحیت اور درندگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمہ بین الاقوامی اصولوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے چیپٹر 7کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ بین الا قوامی طور پر یہ طے شدہ اصول ہے کہ کسی بھی مذہب کے مذہبی مقدس ایام اور تہواروں پر حالت جنگ میں بھی عارضی جنگ بندی کردی جاتی ہے اور ان علاقوں میں مقیم افراد کو اپنے مذہبی عقائد کے مطابق عبادت کرنے کا حق دیا جاتا ہے اسی طرح اقوام متحدہ کے چارٹر کے چیپٹر 7 میں بھی ایسے ہی ایام کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے کے مکینوں کو عبادت کے لیے درکار پر امن ماحول فراہم کیا جانا ضروری ہے لیکن اسرائیل کی نا جائز ریاست دنیا کے کسی اصول اور ضابطہ کو ماننے کے لیے تیار نہیں رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں جب بیت المقدس کے مکینوں نے قبلہ اول میں نماز اور شب داریوں کی کوشش کی تو اسرائیلی افواج نے درندگی کا مظاہرہ اور قبلہ اوّل کا تقدس پامال کرتے ہوئے عبادت میں مصروف مسلمانوں پر تشدد کرتے ہوئے بڑی تعداد میں بچوں سمیت مسلمانوں کو شدید زخمی کیا اور اس کے بعد ہوائی حملوں کا سلسلہ شروع کردیا جس سے سینکڑوں کی تعداد میں مسلمان مرد عورتیں اور بچے شہید ہو چکے ہیں لیکن اقوام عالم کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ خصوصاً محنت کش طبقہ اپنے فلسطینی بھائیوں کا درد محسوس کر رہا ہے اور شدید کرب کے عالم میں ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ محنت کش اپنے بھائیوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ان رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کی مدد کے لیے فنڈ قائم کیا جائے اور قانونی ترامیم کرتے ہوئے یہودی مالکان کی کمپنیوں کی اشیاء کی پاکستان میں فروخت ممنوع قرار دی جائے۔ ان رہنمائوں نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ پیپسی کمپنی اور دیگر سامراجی ممالک کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔