تاجروں نے آج اور کل دکانیں کھولنے کا مطالبہ کردیا

225

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سندھ حکومت سے اپیل کہ ہے کہ وہ پریشان حال دکانداروں اور چھوٹے تاجروں پر رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عید سے قبل آخری 2 دن افطار سے سحری تک ہر قسم کے کاروبار کو کھولنے کی اجازت دے تاکہ دکانداروں کو کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عائد کی گئی سخت پابندیوں کے نتیجے میں ہونے والے سنگین نقصانات کو کسی حد تک کم کیا جاسکے۔چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا نے کہا کراچی شہر میں کورونا کیسز کے اعدادو شمار اتنے بھی برے نہیں لہذا وہ یہ سمجھتے ہیں کہ کراچی کے دکانداروں کو کم از کم بدھ اور جمعرات کو افطار سے سحری تک کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کی گنجائش موجود ہے جسے نہ صرف چھوٹے تاجر و دکاندار سراہیں گے بلکہ کراچی والوں کی ایک بڑی تعداد اس کا خیرمقدم کرے گی جس کی بدولت وہ اپنی نامکمل عید کی شاپنگ کو مکمل کر پائیں گے۔زبیر موتی والا نے کہا کہ شہر بھر کی تمام کمرشل مارکیٹوں کی جانب سے کراچی چیمبر پرشدید دباؤ ہے کہ جیسا کہ کے سی سی آئی کراچی کی پوری تاجر وصنعتکار برادری کا سب سے بڑا اور حقیقی نمائندہ ہے لہذا آخری دو دن افطار سے سحری تک تمام دکانوں کو کھولنے کی اجازت کے لیے کراچی چیمبر کو سندھ حکومت کو قائل کرنا ہی ہوگا جبکہ ان کمرشل مارکیٹوں کے نمائندوں نے ان 2 دنوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔انھوں نے کہا کہ کاروبار کو مکمل طور پر بند کر دینے کے بجائے حکومت عید سے قبل آخری 2 روزافطار سے سحری تک کاروبار کھلا رکھنے کی اجازت دے جس کے نتیجے میں شہر تک تمام مارکیٹیں بیک وقت کھل جانے سے عوام یقینی طور پر تقسیم ہوجائیں گے، بھیڑ لگنے کی حوصلہ شکنی ہوگی اور بر وقت سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا جو کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کا ایک اہم عنصر ہے۔چیئرمین بی ایم جی نے مجموعی صورتحال اور چھوٹے تاجروں و دکانداروں کی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وقتاً فوقتاً عوام الناس کی مؤثر طریقے سے مدد کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرنے والی سندھ حکومت اس بار بھی دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کو اشد ضروری ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے عید سے قبل آخری 2 روز افطار سے سحری تک کاروبار بند رکھنے کی پابندیوں میں نرمی کرے گی جس سے مختلف کاروباروں کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے گا۔