نمک جسم پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟

667

لندن: طبی تحقیق نے خبردار کیا ہے کہ نمک کا زائد استعمال جسم کے فوجی (امنیاتی) خلیات کو نقصان پہنچا سکتا ہے جبکہ نمک مائٹوکونڈریائی افعال پر اثرانداز ہوکر نہ صرف امنیاتی نظام کو کمزور کرتے ہیں بلکہ جسمانی سوزش کو بھی بڑھاتے ہیں۔

خیال رہے نمک اور امراضِ قلب ہر مفصل تحقیق ہوچکی ہے، پھر ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ نمک کی زیادتی بلڈ پریشرکوبڑھاتی ہے اور چند برس قبل خون میں سوڈیئم کی زیادتی سے ایک قسم کے امنیاتی خلیات مونوسائٹس کا بگاڑ بھی دیکھا گیا تھا۔

مگر اب ایک نئی تحقیق سے انکشاف ہوا ہےکہ نمک کا غیرمعمولی استعمال امنیاتی خلیات میں مائٹوکونڈریائی سرگرمیوں کو کمزور کرتا ہے کیونکہ مائٹوکونڈریا ہر خلیے میں پایا جاتا ہے اور انہیں خلیاتی بجلی گھر بھی کہا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس طرح امنیاتی خلیات توانائی سے محروم ہوجاتے ہیں جس سے بدن کی امراض سے لڑنے کی صلاحیت شدید متاثرہوسکتی ہے۔

تجربہ گاہ میں کئے گئے مشاہدات سے معلوم ہوا ہے کہ نمک کے انتہائی باریک سالمات بھی ایک اینزائم کو روکتے ہیں جو مائٹوکونڈریا پراثر انداز ہوتےہیں، اس ضمن میں رضاکاروں کو ایک پیزا کھلایا گیا جس میں اوسط دس گرام نمک موجود ہوتا ہےجبکہ اس کے بعد ان کے خون کے نمونے بھی لیے گئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تمام افراد کے خون کے نمونوں میں دیکھا گیا کہ مائٹوکونڈریا سرگرمی سست پڑچکی تھی، تاہم آٹھ گھنٹے بعد یہ کیفیت نارمل ہوگئی اور مائٹوکونڈریائی سرگرمی بہتر ہوگئی لیکن یاد رہے کہ نمک کا مسلسل استعمال اس عمل کو قدرے دیر تک برقرار رکھ سکتا ہے۔

خیال رہے اگرچہ یہ ابتدائی تحقیقات ہیں لیکن نمک کا یہ نیا نقصان کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔