وفاقی حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، گورنر

138

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اظہار رائے کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ موجودہ حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہے اور آئندہ بھی یہی جذبہ جاری رہے گا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو گورنر ہاؤس میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ کے صدر تجمل حسین کی سربراہی میں آئے ہوئے 5 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد نے گورنر سندھ سے صحافیوں کو درپیش مختلف مسائل اور چیلنجوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ،خاص طور پر کورونا کی وبا کے دوران انہوں نے برادری کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر، گورنر سندھ نے کہا کہ کورونا وبائی بیماری کے اس دور میں ، صحافیوں نے بھی کورونا جنگجوؤں کی حیثیت سے مختلف آگاہی مہموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا اس وباسے دوچار ہے اور ہر شخص کو اپنی ذمے داری کا احساس کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کو آگاہی فراہم کرنے میں صحافیوں کی زیادہ ذمے داری ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ایس او پی پر عملدرآمد کے لیے خاص طور پر دیہی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ کورونا سے بچائو سے متعلق آگاہی فراہم کی جانی چاہیے۔