کاٹن یارن کی ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت 30 جون تک کی جاسکے گی

348

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ سیکٹر وزیر اعظم پاکستان عمران خان، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود ، وفاقی کابینہ اور ای سی سی کے خلوص دل سے مشکور ہیں جنھوں نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کی اپیل پر حقیقی طور پر غور کرتے ہوئے کاٹن یارن کی امپورٹ پر سے کسٹمز ڈیوٹی کا خاتمہ کرتے ہوئے مکمل طور پر ڈیوٹی فری کاٹن یارن امپورٹ کرنے کی اجازت دی جس کا مطالبہ گزشتہ چھ ماہ سے کیا جارہا تھا۔حکومتی فیصلہ تاخیر سے آیا اور ڈیوٹی فری کاٹن یارن امپورٹ کرنے کی اجازت صرف 30جون 2021 تک دی گئی ہے جس سے جزوی ریلیف ملے گا کیونکہ سمندری راستے سامان کی ترسیل میں بھیڑ اور کنٹینرز دستیاب نہ ہونے کے باعث شپمنٹس کو پاکستانی بندرگاہوں تک پہنچنے میں 2ماہ سے زائد وقت لگ رہا ہے۔اس صورتحال میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز اپیل کرتے ہیں کہ حکومت نے جو کپاس کی پیداوار کے لیے 10.5ملین بیلز کا ہدف مقرر کیا ہے اسے حاصل کرنے تک ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کو مکمل ڈیوٹی فری کاٹن یارن امپورٹ کرنے کی اجازت دے۔ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ حکومت فوری طور پر کاٹن یارن کی پاکستان سے باہر ایکسپورٹ پربھی پابندی لگائے یا پھر کاٹن یارن کی ایکسپورٹ پر 10فیصد ڈیوٹی کا فوری اطلاق کرے تاکہ کاٹن یارن کے بحران کو مکمل طور پر ٹالا جائے۔