سکھر‘صحافی اجے لالوانی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے

408

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں2 روز قبل مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نجی ٹی وی چینل سے وابستہ صحافی اجے کمار لالوانی زندگی موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد گزشتہ روزدم توڑ گیا‘ سندھ بھر میں صحافیوںمیں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے‘ صحافی تنظیموں نے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ سکھر یونین آف جرنلسٹس نے اجے لالوانی کے قتل کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے‘ ایس یو جے کے صدر سلیم سہتو، جنرل سیکرٹری جاوید جتوئی سمیت مجلس عاملہ کے تمام ارکان نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان صحافیوں کے لیے خطرناک ترین ملک بنتا جا رہا ہے‘ انہوں نے اپنے بیان میں سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اجے کمار لالوانی کے قتل کی تحقیقات اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دے ۔ایس یو جے نے اجے لالوانی کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ ایس ایس پی سکھر عرفان سموں نے کہا ہے کہ سکھر پولیس اجے کمار لالوانی کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام کوششیں کر رہی ہے۔