منی بجٹ عوام کے لیے ڈیتھ وارنٹ ہے، زبیرحفیظ شیخ 

3761
Money budget

سکھر: امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ یہ منی بجٹ نہیں ہے بلکہ پاکستانیوں کے لیے ڈیتھ وارنٹ ہے۔

زبیرحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ پہلے سے تکلیف میں مبتلا غریب عوام پر بے انتہا بوجھ ڈالا گیا ہے، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی بند گلی میں ہیں اب نہ آگے جا سکتی ہیں نہ پیچھے، کرپٹ ٹرائیکا کو عوام الیکشن میں آئینہ دکھائیں گے، تینوں نے قرضے لے لے کر آنے والی نسلوں کو بھی آئی ایم ایف کا مقروض کر دیا، ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام ہے۔

جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا تھاکہ ایسے حالات میں جب لوگ پہلے ہی بڑھتے ہوئے افراط زر کی وجہ سے پریشان ہیں اور پی ڈی ایم حکومت  نے ان پر ایک مرتبہ پھر پیٹرول بم سے حملہ کر دیا ہے ہمارے ہمسایہ ممالک میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہورہی ہیں اور پاکستان میں ہر 15 دن بعد پیٹرول کے ریٹس بڑھائے جارہے ہیں۔

زبیرحفیظ کا کہنا تھا کہ حکومت عوام پر بھاری ٹیکس انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے کہنے پر لگا رہی ہے کیونکہ اس نے بین الاقوامی ادارے سے بھاری قرضے لیے ہیں، لیکن قرضے لیے گئے وہ کہاں لگائے گئے کسی کو کچھ نہیں پتا، 22 کروڑ سے زائدکی آبادی کے ملک پاکستان کا ہر شہری قریباً 2 لاکھ روپے کا مقروض ہو چکا ہے جوفی کس آمدنی کے لحاظ سے80 فی صد سے بھی زائد ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیکر اپنی عیاشیوں اور شاہانہ اخراجات کا خاتمہ کریں اور ملک سے غربت، مہنگائی بیروزگاری کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔