پولیس نے مخالفین کے ایماء پر یونس انصاری کیخلاف مقدمہ درج کیا

167

سکھر (نمائندہ جسارت) جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن اور تنظیم انصاری اتحاد سکھر کے زیر اہتمام مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے ایس ایس پی دفتر کے سامنے شہری یونس انصاری پر جھگڑے کا مقدمہ درج کرنے اور گرفتاری کی خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور سکھر پولیس سمیت بااثر افراد کے خلاف نعریبازی کی۔ مظاہرے میں جناح ویلفیئر کے اصلاح الدین شیخ نے ہاتھوں میں زنجریں پہن کر پولیس زیادتی کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مظاہرے میں ذوالفقار انصاری، طاہر صادق شیخ، حافظ الیاس انصاری و دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر مذکورہ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز محلے میں ہونے والے جھگڑے پر پولیس نے متاثرہ شخص یونس انصاری کی شکایات درج کرنے کے بجائے مخالفین کے کہنے پر یونس انصاری کیخلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا جو انتہائی افسوس ناک عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انصاف کا تقاضا ہے کہ دونوں گروہوں کی شکایت درج کی جائے لیکن یہاں ایسا نہیں ہے، جب تک بے گناہ گرفتار شخص یونس انصاری کو رہا کرکے مقدمہ ختم نہیں کیا جائیگا ہمارا احتجاج جاری رہیگا۔ مظاہرے کی اطلاع پر ایس ایس پی عرفان علی سموں نے یونس انصاری کے ورثاء اور جناح ویلفیئر، تنظیم انصاری اتحاد کے رہنماؤں کو اپنے دفتر طلب کیا اور تمام صورتحال پر معلومات حاصل کیں اور یقین دلایا کہ کسی بھی بے گناہ شخص کیساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔ ملاقات میں یقین دہانی کرانے پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔