۔5برس میں ایک بھی یوٹرن نہیں لیا، مصطفی کمال

57

کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ پی ایس پی کا 19 مارچ ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ کا جلسہ ملکی سیاست میں نئی تاریخ رقم کرے گا، پی ایس پی کا عوامی مسائل کے حل اور بھائی چارگی کا منشور پاکستان میں امن، خوشحالی اور ترقی کی ضمانت ہے۔ پاک سرزمین پارٹی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو ناصرف تعصب، تفرقات اور نفرت کی سیاست سے ملک کو پاک کرنے میں لگی ہوئی ہے بلکہ عوامی مسائل کے قابلِ عمل حل بھی پیش کررہی ہے۔ قوم نے دیکھ لیا کہ گزشتہ 5سال میں پاک سر زمین پارٹی نے ایک بھی یو ٹرن نہیں لیا، الحمدللہ ہماری کہی ہر بات سچ ثابت ہورہی ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگ وزیراعظم اور وزرا اعلیٰ کی سیاسی جماعتیں چھوڑ کر پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کررہے ہیں۔ آج کراچی سے کشمیر اور گلگت بلتستان تک لوگ ہمارے فلسفے سے اس لیے جڑتے جارہے ہیں کہ وہ جان گئے ہیں کہ کام کرنے کے لیے اختیار کی نہیں بلکہ کردار کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے ذمے داران سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو فکر ہی نہیں کہ غریب کتنے مشکل حالات میں ہے، عوام غربت اور مہنگائی سے پریشان ہیں جبکہ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کو چور ثابت کرنے میں لگے ہیں، اس لڑائی میں نقصان صرف ملک اور عوام کا ہورہا ہے۔ موجودہ صورتحال میں عوام میں حد درجے مایوسی پھیل گئی ہے۔ پاک سر زمین پارٹی قوم کو بے آسرا نہیں چھوڑے گی اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جائے گی۔