ملکی و غیر ملکی قرضے بڑھ گئے ، میاں زاہد حسین

281

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ توقعات اور اعلانات کے برعکس عوام پر مہنگائی کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے جس سے انکی زندگی مشکل ہو گئی ہے جبکہ ایکسپو رٹ اور ترسیلات کے علاوہ تقریباً تمام شعبوں سے منفی اطلاعات آ رہی ہیں جس نے کاروباری برادری کو پریشان کیا ہوا ہے۔میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فروری میں عوام کی ضرورت کی اشیاء اور خدمات کی قیمت میں 8.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو پریشان کن ہے۔ اس اضافہ کی ایک وجہ توانائی کے شعبہ کی بحالی کے لئے بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہے جس کاکوئی نتیجہ نہیں نکلنا کیونکہ کئی دہائیوں سے بجلی کے نرخ بڑھانے کی پالیسی سے توانائی کے شعبہ میں کوئی بہتری نہیں آئی اورنہ ہی کوئی فائدہ پہنچا تاہم کاروباری لاگت اور عوام کے مصائب میں اضافہ ضرور ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دسمبر میں مہنگائی کی شرح 5.7 فیصد تھی جس سے مرکزی بینک اور دیگر متعلقہ اداروں نے قیمتوں میں کمی سے مثبت امیدیں وابستہ کر لی تھیں جن کا دورانیہ بہت کم ثابت ہوا اور جنوری میں صورتحال بدل گئی۔