اٹھارہ نئے بجلی گھر2023 تک کام شروع کر دیں گے، شاہد رشید بٹ

429

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ2023 تک اٹھارہ نئے بجلی گھر کام شروع کر دیں گے جس سے بجلی کی پیداوار میں سات ہزار میگاواٹ کا اضافہ ہو جائے گا۔ کوئلے و نڈ سولر اور ہائیڈر پاور پلانٹس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار 38000 میگاواٹ ہو جائے گی جبکہ کیپی سٹی ادائیگیوں کا حجم 850 ارب سے بڑھ کر تقریباً ڈیڑھ کھرب ہو جائے گا۔ان پاور پلانٹس کے چلنے سے موسم سرما میں بجلی کی فاضل پیداوار چھبیس ہزار میگاو اٹ ہو گی جبکہ موسم گرما میں بجلی کی فاضل پیداوار تیرہ ہزار میگاواٹ ہو گی جس سے نمٹنا ناممکن ہو گا۔شاہد رشید بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ بجلی کے فاضل پیداوار کے باوجود ترسیل اور تقسیم کے ناقص نظام کی وجہ سے ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہو گی نہ ہی کروڑ وںپاکستانیوں کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر کے ان کی ترقی یقینی بنائی جا سکے گا۔انھوں نے کہا کہ ضرورت سے بہت زیادہ بجلی کی پیداوار ملکی معیشت کے لیے سنگین خطرہ مگر حکومت معاہدوں کی وجہ سے بے بس ہے۔ادھر فاضل بجلی کھپانے کے لیے اس کی قیمت کم کرنا ضروری ہے مگر آئی ایم ایف کی ایما پر بجلی کے ٹیرف میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے ۔