’برابری پر بینکاری پالیسی‘ کے ذریعے خواتین کی مالی شمولیت کا فروغ

302

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بینک دولت پاکستان نے دسمبر 2020ء میں اپنی ’برابری پر بینکاری پالیسی ‘کے حوالے سے مختلف قومی اور بین الاقوامی فریقوں سے مشاورت کا آغاز کیا۔ پالیسی کا مسودہ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پربھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے ۔بینک دولت پاکستان کے مطابق عنقریب لاگو ہونیوالی برابری پر بینکاری پالیسی کے تحت مالی شعبے میں شناخت کردہ شعبوں اور مخصوص اقدامات کے ذریعے ایک صنفی نقطہ نگاہ متعارف کرایا جائے گا تاکہ مالی شعبے میں خواتین کے لیے آسانیاں پیدا کی جاسکیں۔ متعدد شعبوں کے ملکی فریقوں کے ساتھ متعدد مذاکراتی نشستیں (فوکس گروپ ڈسکشنز) ہوچکی ہیں۔ مشاورتی عمل میں اسٹیٹ بینک کی شراکت کے ساتھ عالمی بینک نے ایک ویب نار بعنوان ‘اسٹیٹ بینک کی برابری پر بینکاری پالیسی پر مشاورتی مذاکرات’ کا انعقاد کیا تاکہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے تناظر میں صنفی مالی شمولیت کے حوالے سے عالمی رہنمائوں کی صنفی پالیسیوں اور ان کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکے۔