کاروبار حصص،انڈیکس میں 366 پوائنٹس سرمائے میں 78 ارب کی کمی

220

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو بھی مندی کا رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای100انڈیکس300پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 45700پوائنٹس سے کم ہو کر 45300پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 78ارب روپے ڈوب گئے جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 82کھرب روپے سے کم ہو کر81کھرب روپے کی سطح پر آگیا ،مندی کے سبب 77فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا جس کی وجہ سے انڈیکس 45888پوائنٹس کی بلند سطح پر جا پہنچا بعد ازاں منافع خوری کی خاطر بعض اسٹاکس میں فروخت کے دبائو کے سبب مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی اور انڈیکس 45700، 45600، 45500اور 45400پوائنٹس کی 4بالائی حد سے گر کر 45300پوائنٹس کی سطح پر آگیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کے ایس ای100انڈیکس میں 366.17پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 45728.75 پوائنٹس سے گھٹ کر 45362.58پوائنٹس پر آگیا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 101.17 پوائنٹس کی کمی سے 18985.45 پوائنٹس سے کم ہو کر 18884.28پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 31626.19پوائنٹس سے کم ہو کر 31327.25پوائنٹس پر بند ہوا۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 78 ارب 4 کروڑ 24 لاکھ 70 ہزار830روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ،مجموعی حجم 82 کھرب 57ارب 3 کروڑ 50 لاکھ 85 ہزار 783 روپے سے کم ہو کر 81 کھرب78ارب 99 کروڑ 26لاکھ 14ہزار953روپے رہ گیا ۔