صنعتی تعلقات ڈپلوما پروگرام کے فروغ میں مدد کریں گے،سیکرٹری لیبر سندھ

229
روزگارقوانین،صنعتی تعلقات ڈپلوما پروگرام‘‘کی آئی بی اے میں گریجویشن تقریب میں سیکریٹری لیبر سندھ عبدالرشید سولنگی اور دیگر کا گروپ فوٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری لیبر سندھ عبدالرشید سولنگی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی تکنیکی معاونت کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن ( آئی بی اے) کے تعاون سے ای ایف پی کے ذریعے شروع کیے گئے’’ روزگار کے قوانین و صنعتی تعلقات میں ڈپلوما‘‘ پروگرام کو فروغ دینے میں حکومت سندھ بھر پور مدد فراہم کرے گی۔ یہ بات انہوں نے گریجویشن تقریب کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر سی ای ای آئی بی اے رمیز خالد نے کہا کہ آئی بی اے کو ای ایف پی کے ساتھ اس شراکت داری پر فخر ہے جس کے ذریعے باعزت روزگار کے لیے مارکیٹ کے چیلنجز اور ڈیمانڈکو پورا کرنے میں خاطر خوا ہ مدد میسر آئے گی۔ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی) کے صدر اسماعیل ستار صدر نے ڈپلومہ پروگرام کو 2019 میں شروع کرنے میں ای ایف پی کے ساتھ تعاون پرآئی بی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت کے ای ایف پی کے صدر مجید عزیز کے بوئے ہوئے بیج، نائب صدر ذکی احمد خان اور اس وقت کے سیکرٹری جنرل فصیح الکریم کی حمایت کے نتیجے میں یہ آج مضبوط درختوں کے ساتھ پھل پھول رہا ہے جس سے آئی آر پیشہ ور افراد اور کاروباری اداروں کی پوری برادری کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے یہ پروگرام پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی متعارف کروانے کے لیے ای ایف پی کے ارادے کے بارے میں بتایا۔کنٹری ڈائریکٹر، آئی ایل او آفس اسلام آباد انگریڈ کرسٹینسن نے ڈپلوما پروگرام متعارف کرانے پر ای ایف پی اور آئی بی اے کی خدمات کوسراہتے ہوئے پچھلے 3 سالوں میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تکنیکی تعاون میں توسیع کے لیے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب بھی پروگرام کے استحکام کے لیے ضرورت پڑی تو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔