روس: انسانوں میں برڈ فلو وائرس کی تشخیص

346

ماسکو: دنیا میں پہلی مرتبہ پرندوں میں پائے جانے والے برڈ فلو وائرس کی ایک خاص قسم کی انسانوں میں تشخیص ہوئی ہے جبکہ روس کی جانب ہجرت کرنے والے پرندوں ، جنگلی پرندوں اور پولٹری فارم میں اس  وائرس کی موجودگی تشویشناک ہے۔

روس میں ایک پولٹری فارم پر کام کرنے والے سات ملازمین میں برڈ فلو وائرس  کے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد حکام نے عالمی ادارہ صحت کو اس سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔

بین الاقوامی جریدے کے مطابق روسی وزارت صحت کے چیف انا پوپوا کے مطابق ملک کے جنوب میں واقع ایک پولٹری فارم پر کام کرنے والے سات ورکروں میں برڈ فلو کی تشخیص ہوئی ہے۔

روسی وزارت صحت کے چیف انا پوپوا کے مطابق  اگرچہ اس وقت انسانی صحت کو برڈ فلو سے کم خطرہ ہے اور یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے میں منتقل نہیں ہوتا ہے تاہم دیکھنا یہ ہے کہ مستقبل میں انسانوں میں اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر کونسے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔

انا پوپوا کا مزید کہناتھا کہ پولٹری فارم کے ملازمین برڈ فلو کے کیسز درمیانی نوعیت کے تھے اور اب ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے مطابق برڈ فلو وائرس انسانوں میں شازو نادر ہی پایا جاتا ہے تاہم ان افراد میں اس کے پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جو مردہ متاثرہ پرندوں اور ان کے ارد گرد کے ماحول میں رہ رہے ہوں جبکہ برڈ فلو کا یہ وائرس انسانوں میں شدید بیماری اور موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

نیدرلینڈز کے محققین کے مطابق برطانیہ کے بطخ فارم میں2014 میں برڈفلو کی جو خطرناک قسم سامنے آئی تھی اور وہ روس کے جنگلی پرندوں سے پھیلی تھی۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ایچ 5این8 نامی برڈ فلو گذشتہ برس برطانیہ ، روس ، مشرقی ایشیا ، شمالی امریکہ اور یورپ کے چار ممالک میں سامنے آیا تھا اور اس وبا سے ہزاروں کی تعداد میں پولٹری فارمز متاثر ہوئے تھے۔

برطانوی علاقے یارکشئر اور ڈریفیلڈ کی بطخیں اس وائرس کا شکار ہوئیں جبکہ ہیمشئر میں ایچ 7این 7 وائرس پھوٹ پڑا ہے لیکن یہ کم خطرناک تھا جبکہ نیدرلینڈز کے شہر روٹرڈیم کے میڈیکل سینٹر سے منسلک سائنس دانوں کا کہنا ہےکہ روس کی جانب ہجرت کرنے والے پرندوں، جنگلی پرندوں اور پولٹری فارم میں ایچ5 وائرس کی موجودگی تشویشناک ہے۔

ماہر ڈاکٹر رون لکھتے ہیں کہ مستقبل میں پولٹری فارمز میں یہ وبا پھیل سکتی ہے خاص طور پر ان ممالک میں جہاں پیشگی طور پر بچاؤ کے لیے کوئی تدابیر اختیار نہیں کی گئیں  اور اگرچہ اس وقت انسانی صحت کو برڈ فلو سے کم خطرہ ہے تاہم اس وبا کا تفصیل کے ساتھ جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے بہت سی جانوروں کی اقسام جلد وائرس کے اثرات قبول کرتی ہیں اور نزلے زکام کے وائرس کے بارے میں پیشگوئی نہیں کی جاسکتی کے کب اور کیسے کسی کو لگ جائے۔